عید پر مٹھائی کی نسبت کیک کی فروخت میں نمایاں اضافہ

مٹھائیوں کی فروخت 40 فیصد جبکہ کیک کی فروخت 60 فیصد رہی


Ehtisham Mufti August 23, 2012
عیدالفطر کے موقع پر شہر کی ایک بیکری میں کیک فروخت کیے جارہے ہیں۔ فوٹو: ایکسپریس

سال بھرکی مہنگائی کے باوجود عید پر مٹھائی اور کیک کی فروخت گذشتہ سال کے مقابلے میں 15فیصد زائد رہی ہے، مٹھائی فروشوں کی جانب سے قیمت میں غیر معمولی اضافے کے سبب متوسط اور کم آمدن والے طبقے کے افراد میٹھی عید پر بھی مٹھائیوں سے محروم رہے، عیدالفطر کے تین یوم کے دوران ایک ارب روپے 6 کروڑ روپے سے زائد مالیت کی مٹھائی اورکیک فروخت کیے گئے جس میں 60فیصد کیک اور 40فیصد مالیت کی مٹھائیاں شامل ہیں۔

عید پر مٹھائی اورکیک کی فروخت کے حوالے سے ایکسپریس سروے کے مطابق ایک کروڑ 60 لاکھ افراد نے مٹھائیوں اور کیک کی خریداری کی تاہم کیک کی قیمت مٹھائیوںکی نسبت کم ہونے کے سبب ایک کروڑ60لاکھ خریداروں میں سے تقریباً84لاکھ افراد پر مشتمل خاندانوں نے مختلف اقسام کے کیک کی خریداری کی جبکہ تقریباً56لاکھ افراد پر مشتمل خاندانوں نے مٹھائیوںکی خریداری کی، ''ایکسپریس'' سروے کے مطابق عیدالفطر کے تین ایام کے دوران شہر کے باسیوںکی جانب سے مجموعی طور پر ایک ارب6 کروڑ66 لاکھ66 ہزار روپے مالیت کی مٹھائیاں و حلوہ جات اور مختلف اقسام کے کیک کی خریداری کی گئی، اوسطاً 400 روپے فی کلوگرام کے حساب سے تقریباً42کروڑ64 لاکھ روپے مالیت کی ایک ہزار66 ٹن مٹھائیاں و حلوہ جات کی خریداری کی گئی جبکہ اوسطاً 400 روپے فی پائونڈ کے حساب سے تقریباً64 کروڑ روپے مالیت کے1600 ٹن مختلف اقسام کے کیک کی خریداری کی گئی، یہاں یہ امر قابل ذکر ہے کہ گذشتہ چند سال کے دوران نہ رکنے والی مہنگا ئی کے سبب مٹھائیوںکی نسبت کیک کی فروخت میں مستقل اضافے کا رحجان غالب ہے۔

یہی وجہ ہے کہ رواں سال بھی مٹھائیوںکی نسبت کیک کی فروخت میں نمایاں اضافے کا رحجان غالب رہا، مٹھائیوں کی فروخت 40 فیصد جبکہ کیک کی فروخت 60 فیصد رہی ، ایک برانڈ ڈ سوئٹس کمپنی کے مالک شیخ محمد تحسین نے ''ایکسپریس'' کے استفسار پر بتایا کہ بلحاظ وزن کیک کی قیمتیں مٹھائیوں کی نسبت زیادہ ہوتی ہے کیونکہ عمومی طور پر صارفین کیک کو فی پائونڈ کے حساب سے خریداری کرتے ہیں جو تقریباً 250 روپے تا 300 روپے میں پڑتی ہے جبکہ فی کلوگرام کے اعتبار سے کیک کی فی کلوگرام قیمت550 روپے تا600 روپے بنتی ہے۔

انھوں نے بتایا کہ رواں سال دیسی گھی میں تیار ہونے والی اعلیٰ قسم کی مٹھائیوں کی فی کلوگرام قیمت 450 روپے تا1200 روپے رہی ہے تاہم 450 روپے تا 600 روپے فی کلوگرام کی حامل دیسی گھی کی مٹھائیوں کی فروخت کا حجم زیادہ رہا ہے،700 روپے تا 1200 روپے فی کلوگرام قیمت کی حامل مٹھائیوں کی فروخت انتہائی محدود رہی ہے جو انتہائی خوشحال طبقے کی ڈیمانڈ پر تیار کی جاتی ہیں، انھوں نے بتایا کہ عیدالفطر کے موقع پر عام ایام کی نسبت کیک کی فروخت دگنی ہوجاتی ہے۔

مقبول خبریں