سپرہائی وے پرالمناک حادثہ ایک ہی خاندان کے4افراد جاں بحق

2 بچوں سمیت3 افراد زخمی، متاثرہ خاندان حیدرآباد کے علاقے فقیر کا پڑ رہائشی تھا،7 سالہ صارم کی دونوں ٹانگیں ٹوٹ گئیں


Numainda Express August 23, 2012
2 بچوں سمیت3 افراد زخمی، متاثرہ خاندان حیدرآباد کے علاقے فقیر کا پڑ رہائشی تھا،7 سالہ صارم کی دونوں ٹانگیں ٹوٹ گئیں (فوٹو فائل)

لاہور: سپرہائی وے نوری آباد کے قریب ٹریفک کے المناک حادثے میں ایک ہی خاندان کے 4 افراد جاں بحق اور 2 بچوں سمیت3 افراد زخمی ہو گئے۔ نوری آباد پولیس کے مطابق عید کے تیسرے روز حیدرآباد کے علاقے فقیر کا پڑ سے تعلق رکھنے والے ایک ہی گھر کے 7 افراد کراچی جا رہے تھے کہ نوری آباد کے قریب ان کی گاڑی کا ٹائر پھٹ گیا اورگاڑی الٹ کر حیدرآباد آنے والی سڑک پر ا ٓکر دوسری گاڑی سے ٹکرا گئی جس کے نتیجے میں ظہیر خان، ان کی اہلیہ شبنم ظہیر، بھائی ناصر عبدالحمید اور والدہ سروری بیگم موقع پر دم توڑ گئے جبکہ7 سالہ صارم کی دونوں ٹانگیں ٹوٹ گئیں، حادثے میں8 سالہ عالم اور 18 سالہ عدیل معمولی زخمی ہوئے۔

معجزانہ طور پر دوسری گاڑی میں موجود افراد محفوظ رہے۔ پولیس اور ایدھی کے رضا کار جائے حادثہ پر پہنچ گئے، جنہوں نے لاشوں اور زخمیوںکو جامشورو اسپتال منتقل کیا۔ معمولی زخمیوں کو طبی امداد کے بعد فارغ کر دیا گیا۔ متوفی ظہیر کے چھوٹے بھائی جاوید کے مطابق ان کے بڑے بھائی اپنے اکلوتے بیٹے نویدکی شادی کی تاریخ طے کرنے کراچی جا رہے تھے کہ افسوناک حادثہ پیش آیا۔ حادثے کی اطلاع اور لاشیں پہنچنے پر گھر میں کہرام مچ گیا اور علاقہ کی فضا سوگوار ہوگئی۔

حادثے میں جاں بحق ہونے والے افراد حق پرست رکن سندھ اسمبلی سید وسیم حسین کے قریبی عزیز ہیں اور ان کے پڑوس میں ہی رہائش پذیر تھے۔ واقعہ کی اطلاع ملتے ہی ایم کیو ایم کے ذمے داران اور کارکنان کی بڑی تعداد بھی سول اسپتال پہنچ گئی۔ دوسری جانب پولیس نے دونوں کاروںکو تحویل میں لے کر مزید تفتیش شروع کر دی ہے۔

مقبول خبریں