قرآن پاک اور تفاسیر کے نسخوں کی طلب میں اضافہ

مرحومین کے ایصال ثواب کے لیے قرآن ہدیہ اور سپاروں کے سیٹ مساجد میں بطور تحفہ دینے کا رجحان بڑھ گیا


Ehtisham Mufti July 16, 2013
رمضان المبارک کے دوران قرآن پاک کی تلاوت کا رجحان بڑھ جاتا ہے ،صدر میں ایک گاہک قرآن کے نسخے کا مطالعہ کررہا ہے جبکہ ایک دکاندار 15 اور16 سطری قرآن پاک کانسخہ دکھارہا ہے ۔ فوٹو : ایکسپریس

ISLAMABAD: ماہ رمضان میں قرآن پاک اور تفاسیر کے نسخوں کی طلب میں چار گنا اضافہ ہوگیا ہے۔

قرآن کی طباعت کرنے والی کمپنیوں نے اس سال بھی دیدہ زیب اور خوبصورت نسخے مارکیٹ میں متعارف کرادیے ہیں جن میں آرٹ پیپر پر چھپے ہوئے رنگین اور آفسیٹ پیپر پر چھپے ہوئے قرآن پاک اور تفاسیر شامل ہیں جبکہ مقامی سطح پر تیار کردہ الیکٹرانک قرآن بھی مارکیٹ میں آگیا ہے، 15اور 16سطری قرآن پاک کی طلب میں سب سے زیادہ اضافہ ہوا ہے جو حفاظ ''دور'' کے لیے استعمال کرتے ہیں، مارکیٹ میں پاکٹ سائز کے سفری نسخوں اور بڑی عمر کے کمزور نگاہ کے حامل افراد کے لیے بڑے اور جلی حروف میں طبع شدہ نسخوں کی شدید کمی ہے۔

قرآن پاک ہدیہ کرنے والوں کے مطابق ہر سال رمضان میں قرآن پاک کی طلب میں تین سے چار گنا اضافہ ہوجاتا ہے قرآت کے علاوہ قرآن کی تفہیم کے لیے بھی بڑے پیمانے پر قرآن کی طلب بڑھ جاتی ہے، مرحومین کے ایصال ثواب کے لیے قرآن ہدیہ اور سپاروں کے سیٹ مساجد میں بطور تحفہ دینے کے رجحان میں اضافہ ہوجاتا ہے، مارکیٹ ذرائع نے ''ایکسپریس'' کو بتایا کہ ماہ رمضان المبارک سے قبل ہی انفرادی نوعیت کے طلبگاروں کی جانب سے قرآن پاک کے نسخوں کی طلب بڑھ گئی ہے۔

یہ وہ طلبگار ہیں جو اپنے والدین، رشتے داراور دیگر احباب کے ایصال ثواب کیلیے قرآن پاک ہدیہ کرکے مساجد اور مدارس میں عطیہ کرتے ہیں ، رمضان کے دوران انفرادی نوعیت کے طلبگاروں کی جانب سے یک رنگہ لیمی نیٹڈ 15 اور16 سطروں پر مشتمل صفحات جو ترجمے کے بغیر ہوتے ہیں کی ڈیمانڈ زیادہ رہی ہے،تراویح پڑھانے والے حفاظ وسامع کی جانب سے بھی15 اور16 سطروں کے صفحات پر مشتمل قرآن پاک کی طلب بڑھ جاتی ہے جو ان چھوٹے سائز کے قرآن پاک کے ذریعے ''دور'' کرتے ہیں یا حفظ شدہ قرآن پاک کا اعادہ کرتے ہیں۔



مارکیٹ میں15 اور16 سطروں پر مشتمل قرآن پاک کے فی نسخے کا ہدیہ ارزاں ہے اس لیے انفرادی نوعیت کے طلبگار ان نسخوں کو ہدیہ کرنے میں زیادہ دلچسپی لیتے ہیں، مارکیٹ میں 15 اور16 سطر فی صفحہ پر مشتمل قرآن پاک کا کم سے کم ہدیہ90 روپے ہے جبکہ زیادہ سے زیادہ ہدیہ250 روپے ہے، قرآن مجید کی طباعت کرنے والے ''علمی کتاب گھر'' کے سربراہ داؤد ہاشم نے ''ایکسپریس'' کو بتایا کہ دنیا بھر میں مختلف نوعیت کی اہم اور حساس کتابوں کی اشاعت ہوتی ہے لیکن ان کتابوں کی اشاعت صرف مخصوص مقاصد اور ضروریات کے دورانیے تک محدود ہوتی ہیں جنہیں ضرورت مند ایک بارپڑھنے کے بعد دوسری بار پڑھنا بھی پسند نہیں کرتے ہیں لیکن قرآن مجید کی شان ہے کہ دنیا میں اس کتاب کی اشاعت کے1400 سال سے زائد کا عرصہ گزرگیا ہے۔

لیکن اسکے باوجود قرآن پاک کی طباعت کا حجم بڑھتا جارہا ہے اسے پڑھنے والوں کی تعداد میں بھی اضافہ ہوتا جارہا ہے، انھوں نے بتایا کہ رمضان المبارک کے دوران مسلمانوں میں مذہبی جذبہ بڑھ جاتا ہے جو اس بابرکت مہینے میں قرآن پاک کی طلب بھی تین تا چار گنا بڑھانے کا سبب بن جاتا ہے، رواں سال ماہ رمضان المبارک کے دوران قرآن پاک کے ہدیہ میں10 تا25 فیصد کا اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے لیکن اس کے باوجود صاحب ثروت افراد کی جانب سے قرآن مجید کے نسخے ہدیہ کرنے کا سلسلہ زوروں پر رہا ہے، اسی طرح ماہ رمضان المبارک کے دوران ترجمہ اور تفسیر کے حامل قرآن پاک کے نسخوں کی طلب میں بھی اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے، قرآن پاک کے 30 سپاروں کے سیٹس، منزل سیٹس، سورۃ یاسین کے علاوہ دیگر طویل سورتوں پر مبنی سیٹس کی بھی ڈیمانڈ بڑھ گئی ہے۔

یہاں یہ امر قابل ذکر ہے کہ ملک میں مستند ومیعاری قرآن پاک کے نسخوں کی طباعت کرنے والے بک لینڈ لاہور، علمی کتاب گھر، شفیق پریس، تاج کمپنی، بیت القرآن، پاک کمپنی، حافظ کمپنی، قدرت اللہ کمپنی، دارالفکر، اقبال کمپنی سرفہرست ہیں، قرآن پاک کی اشاعت کنندہ ادارے مکتبہ رشیدیہ کے سربراہ حافظ تنویراحمد شریفی ''ایکسپریس'' کو بتایا کہ ماہ رمضان المبارک کے دوران قرآن پاک کے طلبگاروں کی آمدورفت صرف مجاز ڈسٹری بیوٹرز تک ہی محدودہوگئی ہے جس کی وجہ سے عام ریٹیلرز کے پاس قرآن پاک کے طلبگاروں کی آمدورفت ختم ہوگئی ہے، مجاذ ڈسٹری بیوٹرز کے پاس چونکہ مخصوص حد تک ہدیہ ڈسکاؤنٹ کا اختیار ہوتا ہے جو وہ زیادہ تعداد میں ہدیہ کرنے والے خریداروں کو فراہم کرتا ہے اس کے برعکس ریٹیلرز مخصوص ہدیہ پر ہی قرآن پاک کے نسخے ہدیہ کرسکتا ہے۔

انھوں نے بتایا کہ متمول اور خوشحال طبقے میں بھی اب قرآن مجید کی تعلیم کے حصول میں دلچسپی بڑھتی جارہی ہے اور اس دلچسپی کو مدنظر رکھتے ہوئے طباعتی اداروں نے آسان لفظی قرآن پاک کا نسخہ متعارف کرایا ہے جسے نہ صرف باآسانی پڑھا جاسکتا ہے بلکہ اس میں ہرآیت کا لفظی اور معنوی ترجمے سے بھی استفادہ کیا جاسکتا ہے اس نسخے کا ریٹیل ہدیہ600 روپے ہے۔پاکستان میں طبع ہونے والے قرآن پاک کے نسخوں کو مسلم دنیا میں مستند تسلیم کیا جاتا ہے جس کا اندازہ اس امرسے لگایا جاسکتا ہے کہ پاکستان میں طبع ہونے والے قرآن پاک کے نسخوں کو دبئی، ترکی و دیگر مسلم ریاستوں کے علاوہ پرتگال ، اسپین اور متعدد یورپی ممالک میں برآمد کیا جارہا ہے۔

مقبول خبریں