اسلام میں اخلاقیات کا مقام

سید عاصم محمود  اتوار 3 فروری 2019
دین ِاسلام میں اخلاقیات کی بہت زیادہ اہمیت ہے

دین ِاسلام میں اخلاقیات کی بہت زیادہ اہمیت ہے

دین ِاسلام میں اخلاقیات کی بہت زیادہ اہمیت ہے وجہ یہ کہ عبادات اور اخلاقیات ہی اسلامی تعلیمات کے دو بنیادی ستون ہیں۔علم کے معنی ’’جاننا‘‘ ہے اور اس علم کا استعمال ’’ادب و اخلاق‘‘ ہے۔ یعنی قرآن و حدیث سے حاصل ہونے والے علم کو دنیا میں استعمال کیسے کرنا ہے؟ اس کے متعلق ادب اور اخلاق ہماری رہنمائی کرتے ہیں۔مسلمان جب حُسنِ اخلاق سے اپنی حیات کو آراستہ کرلے، تو پھر وہ بارگاہ خداوندی اور مخلوق خداوندی، دونوں میں مقبول ہوجاتا ہے۔دین میں اخلاقِ حُسنہ کی اہمیت اجاگرکرنے والے کلمات مبارکہ پیش ہیں:

٭…نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم نے ارشاد فرمایا ’’ میرے یہاں تم میں سے سب سے محبوب شخص حسن اخلاق سے متصف شخص ہے۔ ‘‘ (بخاری)

٭…قبیلہ مزینہ کے ایک شخص سے مروی ہے کہ انہوں نے کہا : اے اللہ کے رسول! انسا ن کو عطاکردہ بہترین چیز کیا ہے ، تو آپ ﷺ نے فرمایا : ’’حسن اخلاق۔‘‘ ( شعب الایمان )

٭…نواسؓ بن سمعان سے مروی ہے، فرماتے ہیں کہ میں نے نبی کریم ﷺ سے نیکی اور گناہ کے متعلق  سوال کیا تو آ پﷺ نے فرمایا : ’’ نیکی اور اچھائی حسن اخلاق ہے ، اور گناہ وہ ہے جو تمہارے دل میں کھٹکے اور لوگوں کاا س پر مطلع ہونا تمہیں ناپسندیدہ گزرے ۔‘‘ ( صحیح مسلم)گویا نبی کریم ﷺ نے نیکی کو حسن اخلاق کے مترادف بتایا جبکہ گناہ کو ضد فرمایا۔ گناہ وہ ہے جو تمہیں شک وتردد میں مبتلا کردے ۔ جس سے اطمینان قلب حاصل نہ ہو اور تمہاری طبیعت پر وہ ناگوار گذرے۔

٭…حضرت ابو درداء رضی اللہ عنہ سے مروی ہے، آپﷺ فرماتے ہیں: ’ مومن کے میزان میںروزِ قیامت سب سے زیادہ بھاری اور وزنی چیز اس کے حسن اخلاق ہوں گے۔ اللہ عزو جل فحش گوئی کرنے والے اور بد گو کو ناپسند کرتے ہیں‘‘۔ (ترمذی)

٭…مخلوق کے ساتھ لطف ومہربانی سے پیش آنا اور کلفت ومشقت دور کرنے کا سامان کرنا حسن اخلاق ہے۔ نبی کریم ﷺ نے اس پر امت مسلمہ کو ابھارا اوراس پر اجر وثواب کا وعدہ فرمایا ہے: ’’ اللہ عزوجل نرم خو ہیں، وہ نرمی کو پسند فرماتے ہیں، نرم خوئی پر وہ کچھ عطا کرتے ہیںجو دوسرے امور پر عطا نہیں کرتے۔ ‘‘ (صحیح مسلم)

٭…حضرت عائشہ رضی اللہ عنہا سے مروی ہے، آپﷺ نے فرمایا :’’ جس کو نرمی کا حصہ عنایت کیا گیا، اس کو دنیا وآخرت کی بھلائی کا حصہ دیا گیا۔ جس کو اس سے محرو م کر دیا گیا، اس کو دنیا وآخرت کے خیر وبھلائی سے محروم کردیا گیا۔‘‘ (مسند احمد)

٭…حیا کا تعلق بھی حسن اخلاق سے ہے ۔زیدؓ بن طلحہ سے مروی ہے،رسول اللہﷺ نے ارشاد فرمایا:’’ ہر دین میں اخلاق ہیں۔ اسلام کے اخلاق میں سے ’’ حیا ‘‘ ہے (ابن ماجہ)اور ایک روایت میں ابن مسعود رضی اللہ عنہ سے مروی ہے، رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے ارشاد فرمایا: ’’ پہلے انبیا کے کلام میں یہ بات مروی ہے کہ جب تم میں حیا نہ رہے تو جو چاہے کرو۔‘‘ (بخاری)

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔