بینکوں نے زرعی قرضوں کی تقسیم کا سالانہ ہدف عبور کرلیا

30 جون 2013 کو ختم سال کیلیے ہدف 315 ارب تھا، 336.1 ارب کے زرعی قرضے دیے گئے


Business Reporter July 24, 2013
5 بڑے بینکوں نے12.6، نجی بینکوں نے 3.6 فیصد اور مائیکرو فنانسرز نے 5 ارب کے زائد قرضے دیے۔ فوٹو: رائٹرز/ فائل

بینکوں نے زرعی قرضوں کی تقسیم کا سالانہ ہدف عبور کرلیا ہے۔

یاد رہے کہ اسٹیٹ بینک آف پاکستان نے 30 جون 2013 کو ختم ہونے والے سال کے لیے 315 ارب روپے کا ہدف مقرر کیا تھا، اس کے مقابلے میں بینکوں نے 336.1 ارب روپے کے زرعی قرضے دیے جو مالی سال 2012-13 کے ہدف سے 21.1 ارب روپے اور گزشتہ سال کے تقسیم کردہ 293.8 ارب روپے سے 14.4 فیصد زیادہ ہے، مزید یہ کہ واجب الادا زرعی قرضے آخر جون 2013 میں 257 ارب روپے تھے جس سے پچھلے سال کی رقم 221.5 ارب روپے میں 16 فیصد اضافہ ظاہر ہوتا ہے۔

مرکزی بینک سے جاری اعدادوشمار کے مطابق پانچ بڑے بینکوں نے مجموعی طور پر 172.8ارب روپے کے قرضے جاری کیے جو ان کے سالانہ ہدف کا 112.6 فیصد اور گذشتہ برس کی اسی مدت کے دوران جاری کردہ 146.3 ارب روپے سے 18 فیصد زیادہ ہیں، الائیڈ بینک لمیٹڈ، نیشنل بینک آف پاکستان، ایم سی بی بینک، حبیب بینک لمیٹڈ اور یونائیٹڈ بینک لمیٹڈ نے سالانہ اہداف عبور کرتے ہوئے انفرادی اہداف کے بالترتیب 146.2 فیصد، 119.5 فیصد، 103.9 فیصد، 100.3 فیصد اور 100.0 فیصد قرضے جاری کیے۔

اسپیشلائزڈ بینکوں کی کٹیگری میں زرعی ترقیاتی بینک لمیٹڈ (زیڈ ٹی بی ایل) نے 67.1 ارب روپے کے قرضے جاری کیے جو اس کے سالانہ ہدف 72.0 ارب روپے کا 93.1 فیصد ہے جبکہ پنجاب پراونشل کوآپریٹو بینک لمیٹڈ (پی پی سی بی ایل) نے 8.3 ارب روپے کے قرضے جاری کیے جو سال 2012-13 کے 9 ارب روپے کے ہدف کا 92.3 فیصد ہے۔



14 ملکی نجی بینکوں نے بطور گروپ اپنے ہدف کا 103.6 فیصد حاصل کیا، حبیب میٹرو پولیٹن، دی بینک آف خیبر، بینک الحبیب، فیصل بینک اور سندھ بینک نے اپنے سالانہ اہداف عبور کرتے ہوئے ہدف کے مقابلے میں بالترتیب 460 فیصد، 189.6 فیصد، 128.4 فیصد، 124 فیصد اور 100.2 فیصد زرعی قرضے تقسیم کیے تاہم سونیری بینک، بینک الفلاح، عسکری بینک، این آئی بی بینک، سلک بینک اور بینک آف پنجاب اپنے اہداف بالترتیب 95.5 فیصد، 94.6 فیصد، 85 فیصد، 73.7 فیصد، 71.3 فیصد اور 61.3 فیصد حاصل کرسکے۔

کے اے ایس بی بینک اور سمٹ بینک اپنے سالانہ اہداف کا بالترتیب 15.8 فیصد اور 12.3 فیصد حاصل کر سکے، سال 2012-13 کے دوران 5 بڑے مائیکرو فنانس بینکوں نے بطور گروپ اپنے 13.8 ارب روپے کے ہدف سے زیادہ 18.7 ارب روپے کے قرضے تقسیم کیے، تعمیر مائیکرو فنانس بینک، این آر ایس پی مائیکرو فنانس بینک اور خوشحالی بینک نے اپنے انفرادی ہدف سے زائد بالترتیب 206.6 فیصد، 152.8 فیصد اور 150 فیصد قرضے تقسیم کیے جبکہ فرسٹ مائیکرو فنانس بینک اور پاک عمان مائیکرو فنانس بینک بالترتیب اپنے سالانہ ہدف کا 77.7 فیصد اور 59 فیصد حاصل کر سکے۔