ٹنڈو الہیار میں ڈاکو راج ایک ہی دن میں کئی بیو پاری لٹ گئے

مسلح افراد نے لاکھوں کی نقدی، موبائل فون و دیگر قیمتی سامان چھین لیا


Nama Nigar July 23, 2013
3 نامعلوم مسلح افراد نے سبزی منڈی کے انچارج و سبزی کے بیوپاری نادر خواجہ کو روک کر تشدد کا نشانہ بنایا اور 4 لاکھ روپے نقد، مو بائل و دیگر سامان لوٹ لیا۔ فوٹو: فائل

ٹنڈوالہیار میں بھی لوٹ مار اور چوری کی وارداتوں میں اضافہ ہو گیا۔

ایک دن میں ڈاکوئوں نے شہریوں سے لاکھوں روپے لوٹ لیے۔ حیدرآباد روڈ پر مسلح افراد نے مویشیوں کے4 بیوپاریوں آصف قریشی، سراج قریشی، دلو قریشی و دیگر کو روک کر تشدد کا نشانہ بنایا اور ان سے ڈیڑھ لاکھ روپے نقد، قیمتی موبائل فون سمیت دیگر سامان لوٹ کر فرار ہو گئے۔

میرپورخاص روڈ پر واقع خواجہ اسٹاپ پر 3 نامعلوم مسلح افراد نے سبزی منڈی کے انچارج و سبزی کے بیوپاری نادر خواجہ کو روک کر تشدد کا نشانہ بنایا اور 4 لاکھ روپے نقد، مو بائل و دیگر سامان لوٹ لیا۔



حیدرآباد روڈ پر کریا شاخ کے مقام پر نا معلوم افراد نے اسلحہ کے زور پر کپاس کے بیو پاری کشن کمار کو تشدد کا نشانہ بنا تے ہوئے 3 لاکھ روپے چھین لیے۔ ایک اور واقعہ میں نصرپور روڈ پر بخاری آٹوز کے تالے توڑ کر چوری کی کوشش کی گئی، تاہم تالے توڑنے کی آواز پر اہل علاقہ جمع ہو گئے جس پر ملزمان فرار ہو گئے۔

پولیس نے ابتدائی رپورٹ درج کر کے شک کی بنیاد پر ایک شخص نعیم خانزادہ کو حراست میں لے کر تفتیش شروع کر دی۔ علاوہ ازیں ٹنڈوالہیار میں چوری اور ڈکیتی کی بڑھتی ہوئی وارداتوں پر شہریوں سمیت انجمن تاجران کے ضلعی رہنما عبدالحمید قریشی، محفوظ قائم خانی و دیگر نے تشویش کا اظہار کرتے ہوئے انتظامیہ سے بد امنی پر قابو پانے، عید کی خریداری کیلیے آنے والے شہریوں اور دکانداروں کے جان و مال کے تحفظ کے لیے سیکیورٹی بڑھانے اور نا اہل پولیس افسران کو فوری طور پر معطل کر کے ان کی جگہ ایماندار اور محنتی افسران کو تعینات کرنیکا مطالبہ کیا ہے۔

مقبول خبریں