قومی ویمنز ٹیم نے سیریزکا فاتحانہ اختتام کرلیا

ویسٹ انڈیز کو تیسرے ٹوئنٹی 20 میں 12رنز سے زیر کرلیا، ندا ڈار کی ففٹی


Sports Reporter February 04, 2019
کراچی: ویسٹ انڈیز سے تیسرے ٹی20میں پاکستانی پلیئر ندا ڈاراسٹروک کھیل رہی ہیں

قومی ویمنز ٹیم نے آخری ٹوئنٹی 20 میں ویسٹ انڈیز کو 12 رنز سے شکست دیکر سیریز کا فاتحانہ اختتام کرلیا۔

ابتدائی دونوں میچز جیتنے والی مہمان ٹیم پہلے ہی ٹرافی پر قابض ہوگئی تھی، ٹاس جیتنے والی گرین شرٹس نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے6 وکٹ پر 150رنز جوڑے، ندا ڈار نے 40 گیندوں پر 53 کی اننگز کھیلی، جس میں 5 چوکے اور2 سکسر شامل رہے،انھیں میچ کی بہترین کھلاڑی کا اعزاز ملا، اوپنر عمیمہ سہیل نے 28 رنز بناکر پویلین کی راہ لی۔

عالیہ ریاض نے 24 رنز ناقابل شکست اسکور کیے، اس دوران انھوں نے ایک بائونڈری اور ایک چھکا بھی جڑا، کپتان بسمہ معروف نے 19 اور جویریہ خان 10رنز بنانے میں کامیاب رہیں، کرشما نے 20 رنز کے 2 کھلاڑیوں کو پویلین چلتا کیا،شاکرہ اور ایفے فلیچر کے حصہ میں ایک ایک وکٹ آئی، مہمان الیون جوابی اننگز میں 8 وکٹ کھوکر138رنز بناپائی، دیندرا ڈوٹن 46 رنز بناکر نمایاں رہیں، انھوں نے 29 بالز کا سامنا کرتے ہوئے 3 چوکے اور4 چھکے لگائے، این میکلین 26 اور سی نیشن 19 رنز بناکر نمایاں رہیں، انعم امین نے عمدہ بولنگ کرتے ہوئے فتح میں کلیدی کردار ادا کیا، انھوں نے 34رنز دیکر3 شکار کیے، ثنا میر نے کیریئر کے سنچری میچ کو 21رنز دیکر2 وکٹوں کی پرفارمنس سے یادگار بنالیا۔