پوپ فرانسس کا متحدہ عرب امارات کا اولین دورہ

کیتھولک چرچ کے سربراہ پوپ فرانسس گزشتہ روز سرکاری دورے پر متحدہ عرب امارات کے دورے پر پہنچے۔


Editorial February 06, 2019
کیتھولک چرچ کے سربراہ پوپ فرانسس گزشتہ روز سرکاری دورے پر متحدہ عرب امارات کے دورے پر پہنچے۔ فوٹو: سوشل میڈیا

مشرق وسطیٰ کا خطہ بہت طویل عرصے سے داخلی اور خارجی آویزشوں کا شکار ہے۔ مغربی طاقتوں کی اس خطے میں زیادہ دلچسپی یہاں سے نکلنے والے تیل کی وجہ بھی تھی جسے عرف عام میں بلیک گولڈ یا سیال سونا بھی کہا جاتاہے کیونکہ ایک وقت میں یہ دنیا کا سب سے قیمتی اثاثہ تصور کیا جاتا ہے۔

یہ تیل ہی ہے جس کے بل پر مغرب نے دنیا کی قیادت پر قبضہ کیا اور اس قبضے کو دائمی حیثیت دینے کے لیے عالم عرب کے قلب میں اسرائیل کے نام کا خون آشام خنجر گاڑ دیا۔ تاہم اب مغربی سیاست اور حکمت عملی میں کچھ تبدیلی کے آثار ہویدا ہیں، بالخصوص مغربی دنیا کی سب سے بڑی مذہبی شخصیت یعنی پاپائے روم پوپ فرانسس کا تاریخ میں پہلی بار عرب ممالک کا دورہ ہے۔

کیتھولک چرچ کے سربراہ پوپ فرانسس گزشتہ روز سرکاری دورے پر متحدہ عرب امارات کے دورے پر پہنچے اور خطے میں جاری جنگوں کو ختم کرنے کی اپیل کرتے ہوئے زور دیا ہے کہ مختلف عقائد کے حامل شہریوں کو برابری کی بنیاد پر حقوق فراہم کیے جائیں۔ انھوں نے ابو ظہبی میں قاہرہ کی جامعہ الازہر کے سربراہ شیخ احمد الطیب سے ملاقات کی جس کے بعد بین المذاہب اجلاس سے خطاب کیا۔

اپنے خطاب میں انھوں نے یمن سمیت خطے میں جاری جنگوں کا خاتمہ، انصاف اور شہریوں کو برابری کی بنیاد پر حقوق کی فراہمی کی ضرورت پر زور دیا۔ انھوں نے تمام مذہبی رہنماؤں سے کہا کہ لفظ جنگ کو منظوری دینے والے ہر پہلو کو مسترد کرنا ان کا فرض ہے، میں خاص کر یمن، شام، عراق اور لیبیا کے بارے میں سوچ رہا ہوں۔

اس موقع پر شیخ احمد الطیب نے کہا کہ مذہب کو کسی صورت بھی تشدد کو جائز قرار دینے کے لیے استعمال نہیں کیا جا سکتا۔ پوپ فرانسس اور شیخ احمد نے دستاویزات پر دستخط کرتے ہوئے عہد کیا کہ الازہر اور ویٹی کن انتہاپسندی کے خلاف مل کر لڑیں گے۔ ابو ظہبی کے ولی عہد شیخ محمد بن زاید نے متحدہ عرب امارات میں تعمیر ہونے والے پہلے چرچ کی زمین کی دستاویزات پوپ فرانسس کو تحفے کے طور پر پیش کیں۔

پوپ فرانسس نے جواب میں ولی عہد کو مصر کے سلطان ملک الکمال اور سینٹ فرانسس اسیسی کے درمیان 1219ء میں ہوئی ملاقات کا فریم کیا ہوا تمغہ پیش کیا۔ پوپ فرانسس نے سیاست کے حوالے سے کھل کر بات نہیں کی تاہم انھوں نے سعودی عرب سمیت پورے مشرق وسطیٰ میں مہاجرین، بے گھروں اور دیگر اقلیتوں کے ساتھ ساتھ تمام شہریوں کو حقوق اور مکمل شناخت دینے پر زور دیا۔

 

مقبول خبریں