وزیراعظم کے ساتھ ڈنر 50 بڑے ٹیکس دہندگان کی فہرست تیار

فہرست میں او جی ڈی سی ایل ،پی پی ایل ،بڑے بینکوں سمیت دیگر کمپنیاں، انفرادی ٹیکس دہندگان میں شاہ ٹریڈنگ کمپنی شامل


Irshad Ansari February 06, 2019
اقدام کا بنیادی مقصد ٹیکس دہندگان کی حوصلہ افزائی، بجٹ اور پالیسی سازی میں ان کی تجاویز کو شامل کیا جائے گا، وزارت خزانہ۔ فوٹو: سوشل میڈیا

فیڈرل بورڈ آف ریونیو (ایف بی آر) نے وزیراعظم عمران خان کے ساتھ ڈنر کیلیے ٹیکس ایئر 2018 میں سب سے زیادہ ٹیکس ادا کرنیوالے ملک کے ٹاپ کے 50 بڑے ٹیکس دہندگان کی فہرست تیار کرلی ہے۔

وزیر اعظم سے بڑے ٹیکس دہندگان کے اعزاز میں خصوصی عشائیہ دینے کیلیے وزیراعظم عمران خان سے وقت لینے کیلیے سمری وزارت خزانہ کو بھجوادی ہے، وزیر اعظم عمران کے ساتھ عشائیہ کیلیے تیار کردہ بڑے ٹیکس دہندہ کمپنیوں اور انفرادی ٹیکس دہندگان کی فہرست میں او جی ڈی سی ایل ،پی پی ایل ،پی ایس اور ملک کے تمام بڑے بینک سمیت دیگر کمپنیاں اور بڑے انفرادی ٹیکس دہندگان میں شاہ ٹریڈنگ کمپنی کے سید شہر زاد حسن شاہ،عبدالغفار میمن اور ملک شاہد سمیت دیگر افسرا شامل ہیں۔

وزارت خزانہ کے ذرائع کا کہنا ہے کہ اس اقدام کا بنیادی مقصد ٹیکس دہندگان کی حوصلہ افزائی کرنا ہے اور ٹیکس کلچر و ٹیکس ریونیو کو بڑھانے کیلئے پالیسی سازی میں ان بڑے ٹیکس دہندگان کی تجاویز کو شامل کرنا ہے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ وزیراعظم عمران خان نے اپنے عہدے کا حلف لینے کے بعد یہ اعلان کیا تھا کہ وہ ملک کے بڑی پچاس ٹیکس دہندگان کے اعزاز میں ہر سال ایک عشائیہ کا اہتمام کیا کریں گے۔