پی سی بی کے منیجنگ ڈائریکٹر وسیم خان آج چارج سنبھالیں گے

عباس رضا  بدھ 6 فروری 2019
 پی سی بی ڈومیسٹک کرکٹ کے ڈھانچے میں بڑے پیمانے پر تبدیلیاں لانے کا خواہاں ہے۔

پی سی بی ڈومیسٹک کرکٹ کے ڈھانچے میں بڑے پیمانے پر تبدیلیاں لانے کا خواہاں ہے۔

پاکستان کرکٹ بورڈ کے منیجنگ ڈائریکٹر وسیم خان نے اپنے عہدے کا چارج سنبھال لیا۔ 

پی سی بی کے مینجنگ ڈائریکٹر وسیم خان نےلاہورمیں اپنے عہدے کا چارج سنبھال لیا، پاکستان کرکٹ بورڈ میں پہلی بار یہ عہدہ متعارف کرایاگیاہے،وسیم خان اس سے پہلے لیسٹرشائر کاونٹی میں چیف ایگزیکٹوآفیسر کی ذمہ داریاں نبھارہے تھے۔

پی سی بی ہیڈکوارٹر میں انکی ملاقات سب سے پہلے بورڈ سربراہ احسان مانی سے کرائی گئی، اس کے بعد دوسرے اسٹاف سے تعارف ہوا۔

جمعرات کو گورننگ بورڈ کے اجلاس میں اراکین کے ساتھ تعارف اور ڈومیسٹک کرکٹ اسٹرکچر کے بارے میں بات چیت ہوگی، مختلف معاملات کا جائزہ لینے کے بعد 9 فروری کو وسیم خان کی پریس کانفرنس شیڈول کیے جانے کا امکان ہے جس میں وہ میڈیا کے سوالات کے جوابات دیں گے۔

یاد رہے کہ پی سی بی ڈومیسٹک کرکٹ کے ڈھانچے میں بڑے پیمانے پر تبدیلیاں لانے کا خواہاں ہے، اس مقصد کے لئے انگلش کرکٹ کا وسیع تجربہ رکھنے والے لیسٹر شائر کاؤنٹی کے سابق چیف ایگزیکٹو وسیم خان کو موزوں  ترین شخصیت خیال کیا جارہا ہے،  گورننگ بورڈ کے اجلاس میں ڈومیسٹک اسٹرکچر کے حوالے سے کرکٹ کمیٹی کی طرف سے تیار کی جانے والی سفارشات پر غور کیا جائے گا، محسن خان کی سربراہی میں کام کرنے والی کرکٹ کمیٹی اپنی رپورٹ مرتب کر چکی ہے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔