ادارے محفوظ نہیں تو عوام بھی عدم تحفظ محسوس کرینگےنورعالم

سکھر دھماکے افسوسناک ہیں،محمود الرشید ،عوام کا تحفظ ہماری ذمے داری ہے، زعیم قادری


Monitoring Desk July 25, 2013
عدالتی فیصلے پر حیرانی ہوئی،مہم متاثر ہوگی، سینیٹر رضاربانی،ٹو دی پوائنٹ میں گفتگو فوٹو : فائل

پیپلزپارٹی کے صدارتی امیدوار رضاربانی نے کہا ہے کہ عدالتی فیصلے پر مجھے حیرانی ہوئی، میراموقف سنے بغیر صدارتی الیکشن کی تاریخ کی تبدیلی سے میری انتخابی مہم متاثر ہوگی۔

ایکسپریس نیوز کے پروگرام ٹودی پوائنٹ میں میزبان شاہ زیب خانزادہ سے گفتگو میں انھوں نے کہاکہ میرا نکتہ نظر سنا گیا نہ مجھے کوئی اطلاع دی گئی، میرے پاس بہت کم دن رہ گئے ہیں اب میں کس طرح چاروں صوبائی اسمبلیوں میں معاملات کو سنبھالوں گا، ہو سکتا ہے کہ ہم مشاورت کے بعد صدارتی الیکشن کا بائیکاٹ کردیں۔



مسلم لیگ (ن) کے رہنما زعیم قادری نے کہا کہ سکھر میں ہونے والے دھماکوں کی ہم شدید مذمت کرتے ہیں، ویسے تو تین افرادکی ہلاکت بھی کوئی کم بات نہیں لیکن پھر بھی ہم کسی بڑے نقصان سے بچ گئے، عوام کوتحفظ دینا حکومت کی ذمے داری ہے اور ہم اس ذمہ داری سے بھاگ نہیں رہے۔ پیپلزپارٹی کے رہنما نورعالم خان نے کہاکہ سکھرمیں آئی ایس آئی کے دفتر کے قریب دھماکے افسوسناک ہیں، اگر ایسے ادارے دھماکوں سے محفوظ نہیں ہوں گے تو پھر عوام تو اور بھی عدم تحفظ محسوس کریں گے، تحریک انصاف کے رہنما میاں محمود الرشید نے کہا کہ سکھر دھماکے افسوسناک ہیں، جب سے نئی حکومت آئی ہے دہشت گردی میں شدت آئی ہے۔