کراچی اسٹاک مارکیٹ میں مندی 2 نفسیاتی حدیں بیک وقت گرگئیں

منافع کے حصول کیلیے فروخت پردباؤ، انڈیکس202 پوائنٹس کمی سے 23573 ہوگیا،377 میں سے 188 کمپنیوں کی قیمتیں گھٹ گئیں۔۔۔


Business Reporter July 26, 2013
سرمایہ کاروں کے 41 ارب 89 کروڑ روپے ڈوب گئے، کاروباری حجم میں معمولی بہتری، 30 کروڑ 51 لاکھ حصص کے سودے، مزید کریکشن متوقع ہے، ماہرین اسٹاک۔ فوٹو: فائل

کراچی اسٹاک ایکس چینج میں جمعرات کو پرافٹ ٹیکنگ اور تیکنیکی درستگی کے باعث مندی کے بادل چھائے رہے جس سے انڈیکس کی 23700 اور 23600 کی دونفسیاتی حدیں بیک وقت گرگئیں۔

50 فیصد حصص کی قیمتوں میں کمی واقع ہوئی جبکہ سرمایہ کاروں کے41 ارب89 کروڑ56 لاکھ 7 ہزار814 روپے ڈوب گئے۔ ماہرین اسٹاک کا کہنا تھا کہ جمعرات کو فروخت کے رحجان اور کریکشن کے باوجود سیمنٹ سیکٹر میں خریداری سرگرمیاں برقرار رہیں جس سے ایک موقع پر 93.43 پوائنٹس کے اضافے سے انڈیکس 23800 پوائنٹس کی نئی تاریخی حد بھی رقم کرگیا تھا کیونکہ ٹریڈنگ کے دوران بینکوں ومالیاتی اداروں، انفرادی سرمایہ کاروں اور دیگر آرگنائزیشنز کی جانب سے مجموعی طور پر 65 لاکھ 57 ہزار657 ڈالر مالیت کی تازہ سرمایہ کاری کی گئی تھی لیکن آئل اینڈ بینکنگ سیکٹرکے حصص میں فروخت کی شدت بڑھنے سے تیزی مندی میں تبدیل ہوگئی کیونکہ ٹریڈنگ کے دوران غیرملکیوں کی جانب سے4 لاکھ 29 ہزار78 ڈالر، مقامی کمپنیوں کی جانب سے22 لاکھ 10 ہزار 216 ڈالر، میوچل فنڈز کی جانب سے 29 لاکھ 92 ہزار 623 ڈالر اور این بی ایف سیز کی جانب سے9 لاکھ 25 ہزار730 ڈالر مالیت کے سرمائے کے انخلا نے مندی میں اہم کردار ادا کیا۔



مندی کے باعث کاروبار کے اختتام پر کے ایس ای 100 انڈیکس202.54 پوائنٹس کی کمی سے23573.68 ہوگیا جبکہ کے ایس ای30 انڈیکس 187.59 پوائنٹس کی کمی سے18430.18 اور کے ایم آئی30 انڈیکس 110.32 پوائنٹس کے اضافے سے41170.80 ہوگیا، کاروباری حجم بدھ کی نسبت1 فیصد زائد رہا اور مجموعی طور پر30 کروڑ 51 لاکھ8 ہزار320 حصص کے سودے ہوئے جبکہ کاروباری سرگرمیوں کادائرہ کار377 کمپنیوں کے حصص تک محدود رہا جن میں 178 کے بھاؤ میں اضافہ، 188 کے داموں میں کمی اور11 کی قیمتوں میں استحکام رہا۔

ماہرین اسٹاک وتاجران کا کہنا ہے کہ آئندہ سیشنز میں بھی کریکشن اور مندی کی توقعات ہیں جس سے انڈیکس کی23000 کی نفسیاتی حد بھی گرنے کے امکانات ہیں، جن کمپنیوں کے حصص کی قیمتوں میں نمایاں اضافہ ہوا ان میں سیمنس پاکستان کے بھاؤ37.27 روپے بڑھ کر782.77 روپے اور مچلز فروٹ کے بھاؤ 25.67 روپے بڑھ کر 540.62 روپے ہوگئے جبکہ باٹا پاکستان کے بھاؤ39 روپے کم ہو کر 1750 روپے اور وائتھ پاکستان کے بھاؤ20 روپے کم ہوکر1890 روپے ہوگئے۔