سعودی ولی عہد کے دورہ پاکستان کی تیاریاں زور و شور سے جاری

 منگل 12 فروری 2019
وزیراعظم عمران خان سعودی ولی عہد کے اعزاز میں ظہرانہ اور صدر مملکت عشائیہ دیں گے، ذرائع (فوٹو: فائل)

وزیراعظم عمران خان سعودی ولی عہد کے اعزاز میں ظہرانہ اور صدر مملکت عشائیہ دیں گے، ذرائع (فوٹو: فائل)

سعودی ولی عہد محمد بن سلمان کے دورہ پاکستان کی تیاریاں زور و شور سے جاری ہیں۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق سعودی ولی عہد محمد بن سلمان دو روزہ دورے پر پاکستان آرہے ہیں، جس کے لیے تیاریاں جاری ہیں۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ شاہی دورے کے لیے حکومت پاکستان نے 300 پراڈو گاڑیوں کی بکنگ کروالی ہے جب کہ ولی عہد کے استعمال کے لیے گاڑیاں سعودی عرب سے لائی جائیں گی اور ممکنہ طور پر ولی عہد کے ذاتی استعمال کے لیے لگژری گاڑیوں کی تعداد 7 تک ہوسکتی ہے تاہم اس کا حتمی فیصلہ کل ہونے والے سیکیورٹی حکام کے اجلاس میں ہوگا۔

ذرائع نے بتایا ہے کہ سعودی ولی عہد کی حفاظت کے لیے اسلام آباد میں پے در پے اجلاس جاری ہیں، سیکیورٹی کو فول پروف بنانے کے لیے انتظامات کیے جا رہے ہیں، سعودی ولی عہد کے ساتھ بھی 130 شاہی گارڈز آئیں گے۔

یہ پڑھیں: سعودی ولی عہد کا سیکیورٹی وفد، اہم سامان پاکستان پہنچ گیا

 

قبل ازیں سعودی فوجی اور اسلامی فوجی اتحاد کے 235 اراکین پر مشتمل دستہ پاکستان پہنچ چکا ہے اور اسلامی فوجی اتحاد کے کمانڈز ان چیف جنرل (ر) راحیل شریف بھی پاکستان میں موجود ہیں۔

وزیراعظم ہاؤس میں سعودی سیکیورٹی حکام نے ضروری اقدامات اٹھانے شروع کر دیئے گئے ہیں اور ولی عہد کی سیکیورٹی کے لیے سعودی حکام پاکستانی حکام کے ساتھ مل کر کام کر رہے ہیں، سعودی ولی عہد کے قیام و طعام کا مکمل بندوبست وزیر اعظم ہاؤس میں کیا جا رہا ہے جب کہ کھانے پینے کی اشیاء بھی سعودی عرب سے ہی لائی جا رہی ہیں۔ شاہی دورے کے لیے اسلام آباد کے ہوٹلز میں کمروں کی بکنگ کر دی گئی ہے اور کمروں کی تعداد ساڑے 500 بتائی جاتی ہے۔

یہ بھی پڑھیں: وزیر اعظم عمران سعودی ولی عہد کاخود استقبال کریں گے

دوسری جانب ذرائع کا کہنا ہے کہ سعودی ولی عہد محمد بن سلمان کے استقبال کی تیاریاں مکمل کرلی گئی ہیں جس کے مطابق ولی عہد کو پاک فضائیہ کا شیر دل اسکواڈرن سلامی دے گا اور جے ایف 17 تھنڈر طیارے فلائی پاسٹ پیش کریں گے جب کہ وزیر اعظم ہاؤس آمد پر ولی عہد کو گارڈ آف آنر پیش کیا جائے گا۔ وزیراعظم ہاؤس میں واقع  کیمپ آفس میں وزیر اعظم اور ولی عہد کے درمیان ون آن ون ملاقات ہو گی۔ دورہ ولی عہد کے دوران 15 سے 20ارب ڈالرز کے معاہدوں پر دستخط ہوں گے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ وزیراعظم عمران خان سعودی ولی عہد کے اعزاز میں ظہرانہ دیں گے جب کہ صدر مملکت عارف علوی ولی عہد کے اعزاز میں ایوان صدر میں عشائیہ دیں گے اور ایوان صدر میں کلچرل پرفارمنس بھی ہوں گی۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔