انٹر کے داخلے مرکزی کمیٹی داخلہ پالیسی کا اعلان نہ کرسکی

انٹرسال اول کے داخلے اور نیا تعلیمی سیشن 2013-14میں غیرمعمولی تاخیر کاخدشہ، میٹرک جنرل گروپ کے نتائج جاری ہوچکے.


Safdar Rizvi July 29, 2013
جامعہ کراچی کی جانب سے گزشتہ قیمت پر فارم چھاپنے سے انکار، مرکزی داخلہ کمیٹی اب تک اس بات کا تعین نہیں کر سکی ہے کہ میرٹ لسٹ کس ادارے سے بنوائی جائے۔ فوٹو: عیسیٰ ملک/فائل

کراچی کے سرکاری کالجوں میں انٹرسال اول کے داخلوں کے سلسلے میں صوبائی محکمہ تعلیم کی جانب سے بنائی گئی مرکزی داخلہ کمیٹی ناکامی سے دوچار ہوگئی ہے۔

ثانوی تعلیمی بورڈ کراچی میٹرک جنرل گروپ کے نتائج 10روز قبل جاری کرچکاجبکہ میٹرک سائنس کے نتائج کااجرا بھی آئندہ تین روز میں متوقع ہے تاہم مرکزی داخلہ کمیٹی تاحال کراچی کے سرکاری کالجوں کے لیے انٹرسال اول کی داخلہ پالیسی کااعلان نہیں کرسکی جس کے سبب کراچی میں اس سال انٹرسال اول کے داخلے اور نئے تعلیمی سیشن 2013-14 میں غیرمعمولی طورپر تاخیر کا خدشہ پیداہوگیاہے، ''ایکسپریس'' کو معلوم ہواہے کہ داخلہ کمیٹی اپنی نااہلی اورجامعہ کراچی کی ہٹ دھرمی کے سبب انٹرسال اول کے داخلہ فارم کی چھپائی ہی نہیں کراسکی،داخلہ فارم کی قیمت کے معاملے پرجامعہ کراچی کے شعبہ تصنیف وتالیف نے داخلہ فارم چھاپنے سے عین وقت پر انکار کردیا ہے۔



جامعہ کراچی کاشعبہ مرکزی داخلہ کمیٹی کو گزشتہ سال کے نرخ پر فارم چھاپ کردینے کو تیار نہیں تھا اور قیمت طے نہ ہونے کے سبب عین وقت پر فارم چھاپنے سے انکار کردیا گیاجس کے سبب انتہائی عجلت میں انٹرسال اول کے داخلہ فارم کسی دوسرے ادارے کو چھپائی کیلیے بھجوائے گئے ہیں جہاں ابھی فارم کی چھپائی شروع کی گئی ہے لہٰذا فارم بروقت چھاپ کربینک کی شاخوں نہ پہنچائے نہیں جاسکے ہیں اور امکان ہے کہ اب کراچی میں انٹرسال اول کے داخلے عید سے پہلے شروع نہیں ہوسکیں گے، دوسری جانب اپنی سست روی اورکاہلی کے سبب مرکزی داخلہ کمیٹی یہ بھی طے نہیں کرپائی ہے کہ اس بار انٹرسال اول کے داخلوں کے لیے سائنس ،پری میڈیکل،پری انجینئرنگ ،کامرس اورآرٹس کی میرٹ لسٹ کس ادارے سے بنوائی جائے گی۔

میٹرک بورڈ سے اس سلسلے میں تاحال معاہدہ طے نہیں پایااورداخلہ کمیٹی میٹرک بورڈ کے بجائے کسی دوسرے ادارے یا انفرادی شخص سے میرٹ لسٹ تیار کرانے پر غورکررہی تھی تاہم یہ معاملہ ابھی تک زیرغورہی ہے اس پربھی کوئی فیصلہ یامعاہدہ نہیں ہوسکاجس کے سبب اب خدشہ ہے کہ تین روزبعدمیٹرک سائنس کے نتائج کے اجرا کے باوجود کراچی کے سرکاری کالجوں میں انٹرسال اول کے داخلوں کاسلسلہ شروع نہیں ہوپائے گا، طلبا کی بڑی تعداد سرکاری کالجوں کے بجائے نجی کالجوں کارخ کرلے گی جہاں ان طلبا کوہاتھوں ہاتھ لیاجائے گا، داخلے دیکرکلاسز شروع کردی جائیں گی جبکہ کراچی کے سرکاری کالجوں میں انٹرسال اول کاسیشن اکتوبر میں شروع ہوسکے گا۔

مقبول خبریں