یوزنی 18 برس بعد سوئس ٹرافی جیتنے والے پہلے روسی پلیئر بن گئے

اٹلانٹا مینز ٹینس میں جون اسنر نے لیٹن ہیوٹ کی کہانی ختم کردی، ٹرافی کیلیے جنوبی افریقہ کے کیون اینڈرسن سے مقابلہ ہوگا


AFP/Sports Desk July 29, 2013
سوئس اوپن ٹینس کے فاتح میخائل یوزنی اور رنر اپ روبن ہیس اپنے اعزازات تھامے ہوئے،روسی پلیئر نے 18برس بعد یہاں کامیابی حاصل کی۔ فوٹو: اے ایف پی

KARACHI: میخائل یوزنی 18 برس بعد سوئس اوپن ٹرافی جیتنے والے پہلے روسی کھلاڑی بن گئے۔

انھوں نے فائنل میں ' ماؤنٹین مین 'ڈچ حریف روبن ہیس کو 6-3،6-4 سے شکست دے دی، 31 سالہ یوزنی سے قبل 1995 میں ان کے ہموطن یوگینے کیفلنکوف نے یہاں پر ٹائٹل جیتا تھا، ہیس کیخلاف باہمی مقابلوں میں یوزنی کا ریکارڈ 5-0 سے مزید بہتر ہوگیا، روسی پلیئر نے 18 ماہ بعد کوئی ٹائٹل جیتا ہے، اس سے قبل انھوں نے زغرب اوپن کا فائنل اپنے نام کیا تھا، وہ اس سے قبل ہال اوپن میں راجرفیڈررکے ہاتھوں شکست کھاگئے تھے، یوزنی اپنے کیریئر کا 20واں اے ٹی پی فائنل کھیلتے ہوئے مجموعی طور پر 9 ویں مرتبہ فاتح بننے میں کامیاب رہے۔یوکرین کی 7 سیڈ الینا سویٹولینا نے اسرائیلی حریف شحارپیر کا قصہ تمام کرتے ہوئے باکو کپ جیت لیا۔

انھوں نے 98 منٹ جاری رہنے والے فائنل میں 6-4،6-4 سے فتح پائی، 18 سالہ سویٹولینا اس وقت عالمی درجہ بندی میں 71و یں پوزیشن پر فائز ہیں، پروفیشنل ٹینس میں آمد کے تین سال بعد وہ اپنا پہلا ٹائٹل جیتنے میں کامیاب ہوپائی ہیں، فائنل میں ناکام رہنے والی ورلڈ نمبر149 شحار نے اگرچہ مجموعی طور پر 5 کراؤن جیتے ہیں لیکن اب تک آخری ٹائٹل انھوں نے 2009 میں اپنے نام کیا تھا، وہ 2011 کے بعد کسی ایونٹ کے فائنل تک پہنچنے میں کامیاب ہوپائی تھیں، دوسری جانب ٹاپ سیڈ اگنیسکا ریڈوانسکا نے سیزن میں تیسری مرتبہ فائنل میں نشست محفوظ بنالی۔



انھوں نے ویسٹ کلاسک ویمنز ٹینس کے سیمی فائنل میں امریکی حریف جیمی ہامپٹن کو 6-3،6-2 سے مات دی، ٹرافی کیلیے ان کا مقابلہ ڈومنیکا سبولکووا سے ہوگا، دونوں پلیئرز اس سے قبل جنوری میں سڈنی اوپن کے فائنل میں بھی مدمقابل آئی تھیں، تاہم اس میچ میں ریڈوانسکا نے حریف کو 6-0،6-0 سے آؤٹ کلاس کردیا تھا، ریڈوانسکا دوبار اسی نتیجے کی توقع نہیں رکھتیں، انھوں نے کہا کہ وہ اس ٹائپ کی پلیئر نہیں ہے جسے میں دوبارہ ڈبل بیگل سے شکست دے سکوں، تاہم اب تک کھیلے گئے چاروں باہمی مقابلوں میں اگنیسکا نے سبولکووا کو زیر کیا ہے۔

انھوں نے مزید کہا کہ میں فائنل میں عمدہ کھیل پیش کرتے ہوئے ٹائٹل جیتنے کی کوشش کروں گی، سبولکوا نے سیمی فائنل میں رومانیہ کی سورانا کرسٹیا کو 6-4،6-0 سے قابو کیا، ورلڈ نمبر4 اگنیسکا ریڈوانسکا نے سیمی فائنل میں جیمی ہامپٹن کیخلاف شاندار کھیل پیش کیا، دو ایسز لگانے والی ریڈوانسکا نے فرسٹ سروس میں 78 فیصد پوائنٹس جیتے، انھوں نے 71 منٹ میں حریف کا بوریا بستر گول کردیا۔علاوہ ازیں اٹلانٹا مینز ٹینس کے سیمی فائنلز میں ٹاپ سیڈ جون اسنر نے آسٹریلیا کے لیٹن ہیوٹ کو 6-4،4-6 اور 7-6(7/5) سے شکست دے دی، سیکنڈ سیڈ جنوبی افریقہ کے کیون اینڈرسن نے امریکی حریف ریان ہیریسن کو 6-3،7-6 (7/3) سے ٹھکانے لگادیا۔