تیسرا ٹیسٹ انگلینڈ نے مونٹی پنیسر کو طلب کرلیا فن کی چھٹی

اولڈ ٹریفورڈ کی اسپنر سازگار وکٹ پرگریم سوان کو جوڑی دار مل سکتا ہے،فاسٹ بولر کرس ٹریملٹ کی واپسی


AFP/Sports Desk July 29, 2013
اولڈ ٹریفورڈ کی اسپنر سازگار وکٹ پرگریم سوان کو جوڑی دار مل سکتا ہے،فاسٹ بولر کرس ٹریملٹ کی واپسی۔ فوٹو: فائل

آسٹریلیا کیخلاف تیسرے ایشز ٹیسٹ کیلیے انگلینڈ نے 14رکنی اسکواڈ میں کیون پیٹرسن کو شامل رکھا ہے۔

روایتی حریف سے یہ مقابلہ یکم اگست کو اولڈ ٹریفورڈ میں شروع ہوگا، اسٹار بیٹسمین کو ابھی بھی پنڈلی کی انجری سے مکمل نجات نہیں ہوپائی ہے لیکن انھیں میچ تک فٹنس ثابت کرنے کا موقع فراہم کرتے ہوئے جیمز ٹیلر کو ان کے کور اپ کے طور پر اسکواڈ میں شامل کرلیاگیا ہے، اس کے علاوہ میزبان بورڈ نے مونٹی پنیسر کو دوسرے اسپنر کے طور پر بھی طلب کیا ہے، کرس ٹریملٹ فاسٹ بولر کو شامل کرتے ہوئے اسٹیون فن اور گراہم اونینز کو آرام دیدیا گیا۔

تفصیلات کے مطابق رواں برس کا بیشتر حصہ سائیڈ لائن رہنے والے کیون پیٹرسن کو گذشتہ ہفتے لارڈز ٹیسٹ کے دوران انجری لاحق ہوگئی تھی، جس کے بعد وہ فیلڈنگ کیلیے میدان میں نہیں آسکے تھے، جیمز ٹیلر کو ای سی بی نے آسٹریلیا کیخلاف ٹور میچ میں سسیکس کیلیے بطور مہمان پلیئر کھیلنے کا موقع دیا تھا، انھیں ٹیسٹ اسکواڈ میں پیٹرسن کے کور اپ کے طور پر شامل کرلیاگیا ہے، ٹیلر اب تک دو ٹیسٹ میچز گذشتہ برس جنوبی افریقہ کیخلاف کھیل چکے ہیں لیکن اس کے بعد انھیں بھارت اور نیوزی لینڈ کا دورہ کرنے والے انگلش اسکواڈ میں شامل نہیں کیاگیا تھا،وہ اب تک فرسٹ کلاس میں عمدہ کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے 15 کاؤنٹی میچز میں 824رنز جوڑ چکے ہیں، جس میں سسیکس کیخلاف جون میں ان کی ناقابل شکست ڈبل سنچری بھی شامل ہے۔



انگلش سلیکٹر جیف ملر نے بتایا کہ کیون پیٹرسن بدستور پنڈلی کی انجری سے نجات پانے کیلیے کوشاں ہیں، میچ کے وقت ہماری میڈیکل ٹیم ان کا معائنہ کرے گی، اسی لیے ہم نے اسکواڈ میں ایک اضافی بیٹسمین جیمز ٹیلر کو شامل کیا ہے، جو کہ ابھی اچھی فارم میں ہیں، انھوں نے ناٹنگھم شائر کی جانب سے ابھی تک بہترین کھیل پیش کیا ہے،ان کے علاوہ لیفٹ آرم اسپنر مونٹی پنیسر کو بھی آف بریک گریم سوان کیساتھ اولڈ ٹریفورڈ ٹیسٹ کیلیے منتخب کیا ہے، اسی طرح انجری مسائل کے سبب 18 ماہ ٹیسٹ کرکٹ سے باہر رہنے والے کرس ٹریملٹ نے بھی سرے کیلیے رواں سیزن میں عمدہ کھیل پیش کیا، اسٹیون فن کی جگہ ٹم بریسنن کو منتخب کیاگیا ہے۔

گراہم اونینز بھی ابتدائی دو ٹیسٹ میچز میں اسکواڈ کا حصہ رہنے کے باوجود پلیئنگ الیون میں شامل نہیں ہوپائے تھے، انگلینڈ کو پانچ میچز کی سیریز میں 2-0 کی برتری حاصل ہے اور اولڈ ٹریفورڈ میں کامیابی سیریز میں انھیں فیصلہ کن برتری دلاسکتی ہے، تاہم جیف ملر کا کہنا ہے کہ ٹرینٹ برج اور لارڈز میں پلیئرز کی محنت نے ہماری پوزیشن کو مضبوط بنادیا ہے لیکن ابھی ہمیں سیریز اپنے قبضے میں کرنے کیلیے اپنا جوش وجذبے برقرار رکھنا ہے، انگلش اسکواڈ میں شامل پلیئرز کے نام یہ ہیں۔ الیسٹرکک( کپتان )، جوئے روٹ، جوناتھن ٹروٹ، کیون پیٹرسن، ای ین بیل، جونی بیئراسٹو، میٹ پرائر( وکٹ کیپر)، ٹم بریسنن، اسٹورٹ براڈ، گریم سوان، جیمز اینڈرسن، جیمز ٹیلر ، کرس ٹریملٹ اور مونٹی پنیسر۔