شام سرکاری فوج کا حمص میں حضرت خالد بن ولیدؓ کے مزار پر دوبارہ قبضہ میزائل حملے میں 50 افراد ہلاک

فوج نےحمص کی مرکزی الخالدیہ کالونی کےبیشترحصوں کاکنٹرول بھی سنبھال لیا، شہرکےدیگرعلاقوںکی جانب پیش قدمی شروع کردی گئی.


AFP/Net News July 29, 2013
خالدیہ کا علاقہ ایک سال سے باغیوں کے کنٹرول میں تھا، شام میں 2 سال سے جاری خانہ جنگی میں اب تک ایک لاکھ سے زائد افراد ہلاک ہو چکے ہیں، لاکھوں افراد ہمسایہ ممالک میں پناہ لینے پر مجبور ہوچکے ہیں . فوٹو: اے ایف پی

شام میں سرکاری فوج نے باغیوں کے بیس کیمپ حمص میں اہم مقام الخالدیہ کالونی میں صحابی رسول حضرت خالد بن ولیدؓ کے مزار اور جامع مسجد پر دوبارہ قبضہ کرلیا۔

انسانی حقوق کے کارکنوں کی فراہم کردہ اطلاعات کے مطابق سرکاری فوج نے حمص کی مرکزی الخالدیہ کالونی کے بیشتر حصوں کا کنٹرول بھی سنبھال لیا ہے جس کے بعد شہرکے دیگر علاقوں کی جانب پیش قدمی شروع کردی گئی۔ حزب اختلاف کے کارکنوں نے ان اطلاعات کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ اب صرف حمص شہر کا قدیم علاقہ اور چند دیگر اضلاع باغیوں کے کنٹرول میں ہیں۔ خبر رساں ادارے اے ایف پی نے انسانی حقوق کی صورتحال پر نظر رکھنے والے ادارے 'دی سیریئن اوبزرویٹری فار ہیومن رائٹس' کے حوالے سے بتایا ہے کہ حکومتی افواج نے خالدیہ کے بیشتر علاقے پر کنٹرول حاصل کر لیا ہے جس میں ایک تاریخی مسجد خالد بن ولید بھی شامل ہے۔



ادارے کے سربراہ رامی عبدالرحمان نے خبر رساں ادارے اے ایف پی کو بتایا کہ 'فوج اور حزب اللہ نے گزشتہ چوبیس گھنٹوں کے دوران خالدیہ کے اہم حصے پر کنٹرول حاصل کرلیا ہے اور اب ان کی توجہ علاقے کے گردو نواح میں باغیوں کے ساتھ لڑائی پر مرکوز ہے۔' عرب ٹی وی المیادین پر حمص کے علاقے الخالدیہ کی تصاویر نشر کی گئیں جن میں تباہ شدہ عمارتیں، ملبے کا ڈھیر اور مسجد خالد بن ولید کا اندرونی حصہ دیکھا جا سکتا ہے۔ المیادین کے مطابق حکومتی افواج نے اسی فیصد علاقے کا کنٹرول حاصل کر لیا ہے۔

حزب اختلاف کے کارکنوں نے ان اطلاعات کی تصدیق کی اور بتایا کہ فوج نے علاقے کا کنٹرول حاصل کرنے کے لیے ہفتے کو حملہ کیا تھا اور الزام عائد کیا کہ اس میں فوج کے ہمراہ حزب اللہ کے جنگجوؤں نے بھی حصہ لیا۔ خالدیہ کا علاقہ گزشتہ ایک سال سے باغیوں کے کنٹرول میں تھا۔ شام میں دو سال سے زیادہ عرصے سے جاری اس خانہ جنگی میں اب تک ایک لاکھ سے زائد افراد ہلاک ہو چکے ہیں اور لاکھوں افراد ہمسایہ ممالک میں پناہ لینے پر مجبور ہوئے ہیں۔ ادھر شام کے شہر حلب اور نواحی علاقوں میں میزائل حملے میں 50 افراد ہلاک ہوگئے۔ سیرین آبزرویٹری فار ہیومن رائٹس کے مطابق شامی افواج نے زمین سے زمین تک مار کرنے والا میزائل داغا جس سے تباہی ہوئی۔

مقبول خبریں