پی ایس ایل ڈائری

سلیم خالق  جمعـء 15 مارچ 2019
میچ سے قبل ہی نیشنل اسٹیڈیم شائقین سے کھچا کھچ بھر چکا تھا، لوگ نعرے لگا کر کھلاڑیوں کا حوصلہ بڑھاتے رہے

میچ سے قبل ہی نیشنل اسٹیڈیم شائقین سے کھچا کھچ بھر چکا تھا، لوگ نعرے لگا کر کھلاڑیوں کا حوصلہ بڑھاتے رہے

آج نیشنل اسٹیڈیم میں پی ایس ایل کی اختتامی تقریب دیکھتے ہوئے ایسا محسوس ہوا جیسے دبئی میں افتتاحی تقریب کی جھلکیاں دیکھ رہا ہوں، تقریباً وہی فنکار اپنے پرانے گانوں پر لپ سنگ کر رہے تھے۔

حیرت کی بات یہ ہے کہ کئی غیرمسلم ممالک بھی نیوزی لینڈ میں دہشت گردی کے واقعے میں مسلمانوں کی شہادت کا سوگ منا رہے ہیں،مگر ہمارا ملک جس کے کئی افراد بھی شہید ہوئے وہاں گانوں کا کنسرٹ کرایا گیا، شاید مجھے اسی لیے تقریب نے زیادہ متاثر نہیں کیا، کئی دیگر افراد کی بھی یہی رائے تھی کہ صرف ایک منٹ کی خاموش کافی نہیں پی سی بی کو تقریب ملتوی کر دینی چاہیے تھی مگر یہاں کون ایسی باتیں سنتا ہے، آج فائنل کیلیے جب اسٹیڈیم پہنچا تو سیکیورٹی ماضی کے مقابلے میں بہت زیادہ سخت نظر آئی، کئی اہم شخصیات کی ممکنہ آمد اس کی وجہ تھی۔

میچ سے قبل ہی نیشنل اسٹیڈیم شائقین سے کھچا کھچ بھر چکا تھا، لوگ نعرے لگا کر کھلاڑیوں کا حوصلہ بڑھاتے رہے، ملکی نغمے ان کے جوش میں مزید اضافہ کر دیتے، بورڈ نے فائنل سے قبل صحافی قمر احمد اور کمنٹیٹر چشتی مجاہد کی خدمات کو سراہا جو خوش آئند ہے، البتہ حکام کو یہ بھی یاد رکھنے کی ضرورت ہے کہ ملک میں داد وتحسین کے حقداراور بھی کئی سینئر صحافی موجود ہیں، میں کھانا کھا کر واپس جا رہا تھا کہ اچانک وہاں ایک جگہ بہت زیادہ رش دیکھا، لوگ ایک صاحب کو گھیرے کھڑے اور سیلفیز بنا رہے تھے، میں اتنے دن سے نیشنل اسٹیڈیم میں پی ایس ایل کے میچز کور کر رہا ہوں، تھرڈ فلور کے اس ایریا میں بڑے بڑے کرکٹرز اور دیگر معروف شخصیات آئیں مگر میں نے کبھی نہیں دیکھا کہ صحافی اور دیگر لوگ کسی کے پیچھے اس طرح گئے ہوں۔

مجھے تجسس ہوا خاصی جدوجہد کر کے قریب پہنچا تو دیکھا کہ وہ ڈی جی آئی ایس پی آر میجر جنرل آصف غفور تھے، وہ خندہ پیشانی سے سب سے ملتے اور تصاویر کی خواہش پوری کر دیتے،ملنسار شخصیت کی وجہ سے وہ ویسے ہی بیحد مقبول ہیں۔

حال ہی میں جس طرح انھوں نے بھارت کو دوٹوک جواب دیا اس سے ان کی شہرت مزید بڑھ گئی ہے، صحافیوں کے جھرمٹ میں وہ میڈیا سینٹر آئے، میں نے ان سے کہا سر آپ تو کرکٹرز سے زیادہ مشہور ہیں تو انھوں نے مسکراتے ہوئے جواب دیا، یہ سب آپ لوگوں کی محبت ہے، انھوں نے یقین ظاہر کیا کہ جلد ملک کے تمام سینٹرز میں کرکٹ بحال ہو گی۔ آئی سی سی کے چیف ایگزیکٹیو ڈیو رچرڈسن نے بھی میڈیا سے بات چیت کی اور ملک میں کرکٹ کی واپسی پر خوشی کا اظہار کیا، جس وقت میں یہ سطور لکھ رہا ہوں پشاور زلمی کیخلاف کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کی پوزیشن بہت مستحکم ہے، باقی باتیں انشا اللہ کل رواں برس کی آخری پی ایس ایل ڈائری کے ذریعے آپ تک پہنچاؤں گا۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔