حکومت کا80 کروڑ ڈالر کے یورو بانڈز جاری کرنے پر غور

بانڈز کوساورین گارنٹی بھی حاصل ہوگی،تحقیقی ادارہ، سٹی بینک بین الاقوامی مارکیٹ سے فنڈزکے حصول کیلیے۔۔۔


Business Reporter July 30, 2013
ایک تحقیقی ادارے کے مطابق حکومت نے 80کروڑ ڈالر مالیت کے یورو بانڈز کے اجرا پر غور شروع کردیا ہے۔ فوٹو: اے ایف پی/ فائل

حکومت نے 80کروڑ ڈالر مالیت کے یورو بانڈز جاری کرنے پر غور شروع کردیا ہے۔

ایک تحقیقی ادارے کے مطابق حکومت نے 80کروڑ ڈالر مالیت کے یورو بانڈز کے اجرا پر غور شروع کردیا ہے جبکہ جاری کردہ بانڈز کو حکومت کی گارنٹی بھی حاصل ہوگی۔ تحقیق ادارے نے بتایا کہ ان بانڈ کے اجرا کیلیے سٹی بینک نے حکومت کی معاونت کرنے میں دلچسپی ظاہر کی ہے۔ واضح رہے کہ سٹی بینک کے ایک وفد نے ہفتہ کو وفاقی وزیر خزانہ اسحاق ڈار سے ملاقات کرکے بین الاقوامی مارکیٹ سے فنڈز کے حصول کیلیے اپنی مہارت اور خدمات فراہم کرنے کی پیشکش کی تھی۔



وفد میں سٹی کے سربراہ برائے ڈیٹ کیپٹل مارکیٹس فار مڈل ایسٹ اور سی ای او ایسٹ اسلامک بینک صمد سیروہے، ہیڈآف لون سینڈیکیشن رضوان شیخ، سی سی او سٹی پاکستان ندیم لودھی، کارپوریٹ ہیڈ سٹی بینک پاکستان عامر اے خان اور وی پی اسلام آباد سلمان میاں شامل تھے۔ اجلاس کے دوران سٹی بینک نے حکومت پاکستان کو انٹرنیشنل مارکیٹ سے فنڈز کے حصول کیلیے ساورین فنڈز کے اجرا کے سلسلے میں اپنی خدمات اور مہارت فراہم کرنے کی پیشکش کی تھی۔ سٹی بینک ٹیم کے مطابق پاکستان کے انتخابی نتائج کا کریڈٹ مارکیٹس میں خیرمقدم کیاگیا ہے۔

جس کا اندازہ اس بات سے لگایا جا سکتا ہے کہ پاکستان کے یورو بانڈز پر ایلڈ میں کمی ہوئی ہے، اس موقع پر سی سی او سٹی پاکستان ندیم لودھی نے کہاکہ ہم انٹرنیشنل مارکیٹ سے فنڈز اکٹھا کرنے کے سلسلے میں مصنوعات کی تیاری میں نئی حکومت کو مدد فراہم کرنے کیلیے تیار ہیں۔