پاکستان اورامریکااتحادی کاڈھونگ بند کردیں حسین حقانی

پاکستانی مفادات کی حدبندی جرنیلوں کے ذریعے ہورہی ہے،تھنک ٹینک سے خطاب


Online August 24, 2012
پاکستانی مفادات کی حدبندی جرنیلوں کے ذریعے ہورہی ہے،تھنک ٹینک سے خطاب۔ فوٹو: فائل

امریکاکیلیے سابق پاکستانی سفیر حسین حقانی نے کہاہے کہ پاکستان اورامریکاکویہ غلط بیانی اب بندکردینی چاہیے کہ وہ اتحادی ہیں بلکہ دونوں میں قابل عمل طورپرطلاق ہوچکی ہے۔انھوں نے امریکی تھنک ٹینک سینٹرفاردی نیشنل انٹرسٹ سے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ امریکاکی پاکستان سے انتہاپسندوں سے رابطہ منقطع کرنے کی امیدسمیت دونوں ممالک میں غیر حقیقی توقعات ہیں،اگر آپ 65سالوں میں اکٹھے رہنے کیلیے کوئی مشترکہ بنیاد تلاش نہیںکرسکے اوراس دوران 3بارعلیحدگی اور 4باررجوع ہوچکاہے، لہذابہترہے کہ آپ ازدواجی زندگی سے مبرادوستی تلاش کریں کیونکہ دونوں ممالک کے درمیان شادی نہیں چل سکتی۔

حسین حقانی نے پیوریسرچ سینٹر کے جون میں شائع ہونیوالے سروے کا حوالہ دیا،جس میں کہا گیاکہ امداد لینے کے باوجودچارمیں سے ہرتیسراپاکستانی امریکا کودشمن سمجھتا ہے،پاکستان میں قومی مفادات کی حدبندی جرنیلوں کے ذریعے ہورہی ہے۔حقانی نے امریکی پالیسی سازوں پرتنقیدکرتے ہوئے کہاکہ وہ ہمیشہ تنگ نظری سے دیکھتے ہیں۔انھوں نے آئی ایس آئی پرپھرالزام لگائے بغیرکہا کہ پاکستان میں کوئی ضرورتھاجو اسامہ کی موجودگی سے آگاہ تھا،میں نہیں جانتاوہ کون تھالیکن اس کی تحقیقات ہونی چاہیے،پاکستانیوں کیلیے یہ غیر حقیقی سوچ ہوگی کہ وہ یہ سوچیں کہ امریکا،بھارت کے ساتھ جنگ میں پاکستان کی مددکرے گا،اس طرح امریکاکیلیے بھی غیرحقیقی ہوگاکہ وہ سوچے کہ پاکستان ایٹمی ہتھیاروں سے دستبردارہوجائیگایا انتہاپسندوں سے تعلقات منقطع کرلے گااور یہ غیرحقیقی سوچ ہوگی کہ پاکستان جہادی گروپوںکی حمایت ترک کردے گا۔

مقبول خبریں