بھارت کا عالمی شوٹنگ کپ کیلیے پاکستانی کھلاڑیوں کو ویزا دینے سے انکار

زبیر نذیر خان  منگل 19 فروری 2019
پاکستانی کھلاڑیوں  کو بھارتی  ویزے دینے سے انکار کردیاگیا، فوٹو: فائل

پاکستانی کھلاڑیوں کو بھارتی ویزے دینے سے انکار کردیاگیا، فوٹو: فائل

 کراچی: بھارت کی پاکستان دشمنی کھیلوں پر بھی اثر انداز ہوگئی، پاکستان کو عالمی شوٹنگ کپ میں شرکت سے محروم کر دیا۔

پاکستانی کھلاڑیوں  کو بھارتی  ویزے دینے سے انکار کردیاگیا،عالمی کپ 21 مارچ سے دہلی میں ہونا ہے،پاکستانی ٹیم کوروانگی سے ایک ہفتہ قبل ایر لائن سےسیکوریٹی کلیرنس لینا تھی،عالمی کپ کو اولمپک کوالیفائنگ راونڈ کا بھی درجہ حاصل ہے۔

پاکستان نے ریپڈ فائر ایونٹ میں شرکت کرنا تھی،جی ایم بشیر اور خلیل اختر نے پاکستان کی نمائندگی کرنا تھی،رضی احمد خان نے بطور کوچ و منیجر ہمراہ جانا تھا،پاکستان کےاولمپک کوٹہ جیتنے کا امکان تھا۔

نیشنل ایسوسی ایشن آف شوٹنگ کے سیکریٹری رضی احمد خان نے نمایندہ ایکسپریس سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان نے دو ماہ قبل بھارتی ویزے کے لیے  رجوع کیا تھا،اس حوالے سےبار بار یاد دہانی بھی کرائی گئی،انڈین اولمپک ایسوسی ایشن تسلی دیتی رہی جبکہ پاکستان میں بھارتی ہائ کمیشن  وعدے کرتا رہا۔

رضی احمد خان نے کہا کہ بھارتی ہٹ دھرمی  افسوسناک ہے، کھیلوں کو سیاست سے الگ رکھنا چاہیے، شوٹنگ کی تاریخ کا یہ پہلا واقعہ ہے کہ میزبان ملک نے ویزے جاری نہیں کیے،پاکستان انٹرنیشنل شوٹنگ ایسوسی ایشن سے رجوع کرے گا،پاکستان کوعالمی تنظیم سے انصاف کی امید ہے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔