ڈرگ لائسنس کے اجرا پر تاحکم ثانی پابندی عائد

طفیل احمد / اسٹاف رپورٹر  جمعـء 1 مارچ 2019
شہر میں 6ہزارسے زائد میڈیکل اسٹورہیں ہرماہ 2سوسے زائد میڈیکل اسٹوروں کے لائسنسوں کی تجدیدکاکام کیا جاتاہے۔ فوٹو: فائل

شہر میں 6ہزارسے زائد میڈیکل اسٹورہیں ہرماہ 2سوسے زائد میڈیکل اسٹوروں کے لائسنسوں کی تجدیدکاکام کیا جاتاہے۔ فوٹو: فائل

کراچی: محکمہ صحت نے ڈرگ لائسنس کے اجرا پرتا حکم ثانی پابندی عائدکردی، ڈرگ لائسنس برانچ کوڈائریکٹرجنرل صحت حیدرآباد منتقل کرنے کی تیاریاں کرلی ہے۔

سیکریٹری صحت نے لیٹرجاری کرتے ہوئے کہا ہے کراچی کے میڈیکل اسٹوروں کو ڈائریکٹر صحت کراچی سوک سینٹر سے جاری ڈرگ لائسنس کے اجرا پر فوری طورپر تاحکم ثانی پابندی عائدکرتے ہوئے 3مارچ کوسندھ کے تمام ڈرگ اور ڈویژنل ڈرگ انسپکٹروںکواپنے دفتر بھی طلب کرلیا ہے۔

معلوم ہوا ہے کہ سیکریٹری صحت اور حیدرآباد میں واقع ڈائریکٹرصحت جنرل کے درمیان میٹنگ کے بعدڈرگ لائسنس آفس کراچی سے حیدرآباد منتقل کرنے کی تیاریاں مکمل کرلی گئی ہیں جس کے بعدکراچی کے میڈیکل اسٹوروںکے ڈرگ لائسنس اب حیدرآباد سے جاری کیے جائیں گے جس کی وجہ سے کراچی میں میڈیکل اسٹوروں اور دوائیں تیارکرنے والی کمپنیوں کواپنے ڈرگ لائسنس کے اجرا اورڈرگ لائسنس کی تجدیدکیلیے حیدرآباد جاناپڑے گا۔

صوبائی محکمہ صحت کے قیام کے بعد ہی سے کراچی کے میڈیکل اسٹوروںکے لیے ڈرگ لائسنس جاری کرنے کا اختیار ڈائریکٹرصحت کراچی ڈویژن ہی کے پاس ہے لیکن اچانک ڈرگ لائسنس آفس کراچی سے حیدرآباد منتقل کرنے کا عندیہ دیدیا گیا ، معیاد ختم ہونے والے لائسنسوں کی تجدید کاکام روک دیاگیا ہے۔

کراچی میں میڈیکل اسٹوروں کوجاری کیے جانے والے لائسنسوں کی تجدید اور نئے میڈیکل اسٹوروںکے لائسنسوں کیلیے دی جانے والی درخواستیں حیدرآباد منتقل کرنے کو بھی کہاگیا ہے۔

دوسری جانب کراچی کے میڈیکل اسٹوروں کے مالکان نے سیکریٹری صحت اور ڈائریکٹرجنرل صحت (ڈی جی)حیدرآباد سے شدیداحتجاج کرتے ہوئے چیف سیکریٹری سندھ سے سیکریٹری کے فیصلے پر نظرثانی کی اپیل کی ہے۔

میڈیکل اسٹورزکے ڈرگ لائسنس کی میعاد 2سال ہوتی ہے

میڈیکل اسٹوروں کو جاری کیے جانے والے ڈرگ لائسنس کی میعاد 2سال ہوتی ہے جس کے بعد ان لائسنسوںکی تجدید بھی کراچی کے ڈائریکٹر صحت کے دفتر سے کرانی ہوتی، اس وقت کراچی میں ہرماہ 2 سے ڈھائی سو ڈرگ لائسنسوں کی تجدیدکی درخواستیں کراچی کے ڈائریکٹرصحت کو موصول ہوتی ہیں جنھیں 15دن کے اندرریونیوکردیاکرکے ڈرگ لائسنس جاری کردیاجاتا ہے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔