ایان علی کے دائمی وارنٹ گرفتاری جاری، اثاثے بھی ضبط کرنے کا حکم

قیصر شیرازی  ہفتہ 9 مارچ 2019
ملزمہ کے دونوں ضمانتیوں کے 5،5 لاکھ روپے کے ضمانتی مچلکے بھی ضبط فوٹو: فائل

ملزمہ کے دونوں ضمانتیوں کے 5،5 لاکھ روپے کے ضمانتی مچلکے بھی ضبط فوٹو: فائل

 راولپنڈی: عدالت نے کرنسی اسمگلنگ میں ملوث ڈالر گرل ماڈل ایان علی کو اشتہاری قرار دے کر دائمی وارنٹ گرفتاری جاری کر تے ہوئے تمام منقولہ غیر منقولہ اثاثے بھی ضبط کرنے کا حکم دے دیا۔

راولپنڈی میں کسٹم عدالت کے جج ارشد حسین بھٹہ نے ماڈل ایان علی کے خلاف کرنسی اسمگلنگ کیس کی سماعت کی۔ ملزمہ کے وکیل نے عدالت سے اپنی موکلہ کی عدالت میں پیشی کے لیے مزید مہلت کی استدعا کی جسے مسترد کردیا گیا۔

عدالت نے قرار دیا کہ بس بہت ہوچکا ، اب قانون کا پہیہ چلے گا، عدالت نے ایان علی کو اشتہاری قرار دے کر ملزمہ کے دائمی وارنٹ گرفتاری جاری کر دئیے، عدالت نے حکم دیا کہ ملزمہ کے تمام منقولہ غیر منقولہ اثاثے بھی ضبط کرلیئے جائیں اور ملزمہ جہاں ملے گرفتار کر لیا جائے۔

کسٹم عدالت نے ملزمہ کے دونوں ضمانتیوں شوکت اور نواز کے 5،5 لاکھ روپے کے ضمانتی مچلکے بھی ضبط کرکے انہیں شوکاز نوٹس جاری کردیئے۔ کیس کی آئندہ سماعت 18 مارچ کو ہوگی اور ملزمہ کے ریڈ وارنٹ جاری ہوں گے۔

14 مارچ 2015 کو ایان علی اسلام آباد ائیرپورٹ سے پانچ کروڑ روپے سے زائد مالیت کے امریکی ڈالر دبئی اسمگل کرتے ہوئے گرفتار ہوئی تھیں، عدالت نے انہیں ضمانت دی تھی تاہم ملزمہ 3 سال 3 ماہ سے غیر حاضر ہے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔