فضل الرحمن نے کبھی فتویٰ نہیں دیا صرف حوالہ دیا حمداللہ

عمران لندن میں سسرالی گھر میں رہتے ہیں، مولانا کا بلڈ ٹیسٹ کروائیں، فیاض الحسن


Monitoring Desk August 06, 2013
یہی لوگ کہتے تھے عورت کی حکمرانی جائز نہیں، فیصل کنڈی ’’کل تک‘‘ میں گفتگو۔ فوٹو: فائل

جمعیت علمائے اسلام (ف) کے سینیٹر حافظ حمداللہ نے کہا ہے کہ ریکارڈ اٹھائیں چیک کریں اور دیکھیں کہ سب سے پہلے مولانا فضل الرحمن کیخلاف غلط زبان کس نے استعمال کی۔

مولانا نے کبھی بھی فتویٰ نہیں دیا یہ غلط باتیں ہیں۔ ایکسپریس نیوز کے پروگرام ''کل تک'' میں میزبان جاوید چوہدری سے گفتگو میں انھوں نے کہا کہ ہم نے عمران خان کو یہودی ایجنٹ اس وجہ سے کہا کہ انھوں نے خود اعتراف کیا ہے کہ وہ ابھی بھی جب لندن جاتے ہیں تو اپنے سسرالی گھر میں ہی ٹھہرتے ہیں، عمران خان نے اپنے سالے کیلیے انتخابی مہم میں انکا ساتھ دیا، انکی سابق بیوی کا جس فاؤنڈیشن سے تعلق ہے وہ اسرائیلیوں کے مفادات کیلیے کام کرتی ہے، جب ہم عدلیہ جائیں گے تو سیتاوائٹ کا بھی ذکر کیا جائیگا، عمران اس سے ہونیوالی بچی کی کفالت بھی کر رہا ہے جس کا انھوں نے اعتراف کیا ہے۔ تحریک انصاف کے رہنما فیاض الحسن چوہان نے کہا کہ مولانا فضل الرحمن کو تکلیف صرف اس بات کی ہے کہ اس مرتبہ ان کو اقتدار نہیں ملا۔



اسلام میں ہے کہ جو علما اقتدار کیلیے اسلام کو استعمال کرتے ہیں وہ علما سو ہیں، مولانا کا بلڈ ٹیسٹ کروایا جائے اگر اسمیں الکوحل نہ آئی تو میں ہر سزا قبول کرونگا۔ پیپلزپارٹی کے رہنما فیصل کریم کنڈی نے کہا کہ ہم بچپن سے مولانا فضل الرحمن کے فتویٰ سنتے آ رہے ہیں، یہی لوگ کہتے تھے کہ عورت کی حکمرانی جائز نہیں لیکن جب عہدہ مل گیا تو پھر سب کچھ ٹھیک ہوگیا، میرے بھی پی ٹی آئی سے اختلافات ہیں لیکن اسطرح کی بیان بازی نہں ہونی چاہیے، کسی کی کردارکشی کرنا درست بات نہیں۔