پاکستانی فنکارمہوش حیات کے حق میں نعرے بلند کرنے لگے

زنیرہ ضیاء  جمعـء 15 مارچ 2019
مہوش حیات کو جب سے تمغہ امتیاز دینے کا اعلان ہواہے تب سے سوشل میڈیاصارفین نے انہیں نشانے پر رکھاہواہے فوٹوفائل

مہوش حیات کو جب سے تمغہ امتیاز دینے کا اعلان ہواہے تب سے سوشل میڈیاصارفین نے انہیں نشانے پر رکھاہواہے فوٹوفائل

کراچی: پاکستان شوبز انڈسٹری سے تعلق رکھنے والے فنکاروں نے مہوش حیات کو ملنے والے سول اعزاز پر تنقید کرنے والوں کو جواب دیتے ہوئے ان کے لیے اپنی بھرپور حمایت کا اعلان کیا ہے۔

اداکارہ مہوش حیات کو جب سے پاکستان کا چوتھا بڑا سول اعزاز تمغہ امتیاز دینے کا اعلان ہوا ہے تب سے سوشل میڈیا صارفین نے انہیں نشانے پر رکھا ہوا ہے۔ سوشل میڈیا پرمہوش حیات کو تمغہ امتیازدینے کے خلاف مہم چل پڑی ہے اور بہت سے لوگ اس بات پر حیران ہیں کہ مہوش حیات نے آخر ملک کے لیے ایسا کون سا کارنامہ انجام دے دیا کہ انہیں تمغہ امتیاز سے نوازا جارہا ہے۔

اس خبرکوبھی پڑھیں: تمغہ امتیاز سے نوازے جانے کا مطلب ہے کہ اچھا کام کررہی ہوں

تاہم پاکستان شوبز انڈسٹری کے نامور فنکاروں نے مہوش حیات کے ساتھ اظہار یکجہتی کرتے ہوئے ان کے لیے بھرپور حمایت کا اعلان کیاہے۔ اداکارہ ماہرہ خان نے مہوش حیات کوتمغہ امتیاز ملنے پر مبارکباد دیتے ہوئے کہاکہ لوگوں کاکام باتیں بناناہےلہٰذا اسے نظر انداز کریں۔

گلوکار شہزادرائے نے کہا ہمیں مہوش حیات پر فخر ہے، بہت بہت مبارک ہو۔

اداکارہ ارمینا خان نے مہوش حیات کو مبارکباد دیتے ہوئے لکھا میں بغیر کسی تعصب کے اپنی ساتھی اداکاراؤں کے ساتھ کھڑی ہوں۔

اداکار فہد مصطفیٰ نے لکس اسٹائل ایوارڈ پر تنقید کرتے ہوئے کہا مہوش حیات تم یہ اعزاز حاصل کرنے کے قابل ہو اسی لیے تمہیں لکس اسٹائل ایوارڈ نہیں ملا کیونکہ تم اس سے بڑا اعزاز حاصل کرنے کے قابل تھیں۔

https://twitter.com/fahadmustafa26/status/1106295494412828672

اداکارشان شاہد نے بھی مہوش حیات سمیت دیگر فنکاروں خصوصاً بابرا شریف، ریما خان کو سول اعزاز کے لیے نامزد ہونے کے اعلان پر خوشی کا اظہار کرتے ہوئے کہا تھا کہ آپ نے فلم انڈسٹری میں اپنی بہترین خدمات سے ہمارا سر فخر سے بلند کیا ہے۔

https://twitter.com/mshaanshahid/status/1105543523808489482

معروف گلوکارہ حدیقہ کیانی نے بھی مہوش حیات پر تنقید کرنے والوں کو جواب دیتے ہوئے کہا ہے کہ ہمارے ملک میں دن بدن عدم برداشت اور نفرت انگیزی بڑھتی جارہی ہے ، سوشل میڈیا کے اس دور میں میں سول اعزاز ملنے کا تصور بھی نہیں کرسکتی۔ میں نے 2006 میں تمغہ امتیاز حاصل کیا تھا، وہ وقت میرے لیے بہت حیرت انگیز اورخوشی سے بھرا ہوا تھا، میری پاکستان سے محبت کو تسلیم کرتے ہوئے مجھے اس اعزاز سے نوازاگیا تھا۔ میں نے لوگوں کی تنقید کے باوجود پاکستان میں اورپاکستان کے لیے کام کرناجاری رکھا لیکن ہر سال ہمارے ملک میں نفرت انگیزی اور عدم برداشت بڑھتی جارہی ہے۔

گلوکارہ نے کہا کہ سوشل میڈیا پر کی جانے والی جانچ پڑتال اور سائبر بلنگ یہ سب بہت خوفناک ہے۔ جب ہم لوگ محبت بانٹ سکتے ہیں اوراپنے ہم وطنوں کی کامیابیوں پر انہیں سراہ سکتے ہیں توہم کیوں نفرت انگیزی پھیلانا بند نہیں کردیتے۔ اپنے لوگوں کے اچھے کام کی پزیرائی کریں اوران کی حوصلہ افزائی کریں اور ماضی کو پیچھے چھوڑتے ہوئے اپنے ملک میں اتحاد قائم کریں۔

واضح رہے کہ اداکارہ مہوش حیات کو شوبز انڈسٹری میں گراں قدر خدمات انجام دینے کے لیے 23 مارچ کو تمغہ امتیاز سے نوازا جائےگا۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔