لاہور ٹاسک فورس کا چھاپہ گیس کے 900 غیر قانونی میٹر برآمد

ٹمپرڈ شدہ اور نئے میٹرز سادات کالونی میں چھپائے گئےتھے،سیالکوٹ میں سرجیکل فیکٹری پر چھاپہ،کروڑوں کی بجلی چوری پکڑی گئی


Numaindgan Express August 08, 2013
ٹمپرڈ شدہ اور نئے میٹرز سادات کالونی میں چھپائے گئے تھے،سیالکوٹ میں سرجیکل فیکٹری پر چھاپہ،کروڑوں کی بجلی چوری پکڑی گئی. فوٹو وکی پیڈیا

بجلی اور گیس چوروں کیخلاف جاری مہم کے دوران گیس کے 900 غیر قانونی میٹرز پکڑ لئے گئے جبکہ بیسیوں افراد مقدمات درج کر کے گرفتار کر لئے گئے۔

تفصیلات کے مطابق صوبائی دارالحکومت کی ضلعی انتظامیہ ٹاسک فورس کو خفیہ معلومات ملیں کہ بادامی باغ کی سادات کالونی میں ایک گھر سے منسلک سٹور میں ٹمپرڈ شدہ اور نئے گیس کے میٹرز رکھے ہوئے ہیں جس پر ٹاسک فورس نے محکمہ سوئی گیس کے ہمراہ مذکورہ مقام پر چھاپہ مارا تو 900 کے قریب ٹمپرڈ شدہ اور نئے میٹرز برآمد ہوگئے۔ ٹاسک فورس نے میٹرز کو قبضہ میں لے کر کارروائی شروع کردی۔ ضلعی انتظامیہ اس بات پر بھی غور کر رہی ہے کہ نئے میٹر کس طرح ایک پرائیویٹ سٹور میں رکھے گئے۔ بظاہر لگتا ہے کہ اس میں محکمہ سوئی گیس کا عملہ بھی ملوث ہے جس کے خلاف بھی کی جائے گی۔

ڈی سی او لاہور نسیم صادق نے کہا کہ ضلعی انتظامیہ عید کے دنوں میں بھی بجلی و گیس چوری کے خلاف کریک ڈائون جاری رکھے گی۔ اسسٹنٹ کمشنر چیچہ وطنی علی شہزاد اور ایکسیئن مہر اللہ یار کی قیادت میں چھاپہ مار ٹیم نے بورے والا روڈ پر واقع سیٹھی انڈسٹری، جی ٹی روڈ پر العباس پلازہ اور الفضل پولٹریز غازی آباد پر چھاپے مار کر تین افراد کو بجلی چوری کرتے ہوئے رنگے ہاتھوں گرفتار کر لیا جبکہ تاریں اور میٹرز قبضہ میں لے لئے گئے۔ چشتیاں میں ایف آئی اے اور میپکو ڈویژن کی سرویلنس ٹیم نے مشترکہ کارروائی کرتے ہوئے 16 بجلی چوروں کے خلاف مختلف تھانوں میں مقدمات درج کرادیئے۔ ایڈیشنل سپرنٹنڈنٹ انجینئر آپریشن میپکو ڈویژن چشتیاں چودھری اکرام نے بتایا کہ 12 بجلی چوروں نے ڈائریکٹ کنڈیاں لگا رکھی تھیں اور دو افراد ٹیوب ویلوں پر بجلی چوری کررہے تھے ۔ بجلی چوروں کو 60 ہزار سے زائد یونٹس کے بل 7 لاکھ 86 ہزار 260 روپے جرمانہ کیا گیا ہے۔



ڈیرہ غازیخان میں ٹاسک فورس نے گزشتہ روز کے دوران گھریلو اور کمرشل بجلی چوروں کے خلاف ایکشن لیتے ہوئے 27 مقدمات کے اندراج کی سفارش کی اور ڈی جی خان سرکل میں 17847 ڈیٹکشن یونٹ ڈالتے ہوئے دو لاکھ 15 ہزار روپے جرمانہ کے بل بھجوا دیئے۔ سرگودھا ڈویژن بھر میں بجلی، گیس اور پانی چوروں کے خلاف مہم جاری ہے اور مزید 130 افراد کے خلاف مقدمات درج کر لئے گئے۔ حیدرآباد میں حیسکو اور ایف آئی اے کی ٹیموں کی بارہ اضلاع میں بجلی چوروں اور نادہندگان کے خلاف کارروائیاں جاری ہیں، دو ہزار سے زائد بجلی چوروں پر جرمانے عائد کر کے 13 افراد پر بجلی چوری کا مقدمہ درج کروا کر 3 کو گرفتار بھی کرا دیا گیا۔ غفلت برتنے پر حیسکو کے آٹھ ملازمین بھی فارغ کر دیئے گئے جبکہ نادہندگان سے کروڑوں روپوں کی وصولی بھی کر لی گئی۔

ٹاسک فورس نے وزیر آباد مین ہائی وے پر سرجیکل فیکٹری میں چھاپہ مارا تو بڑے پیمانے پر بجلی چوری کا انکشاف ہوا ہے۔ ایف آئی اے کی تحقیقات کے مطابق سرجیکل فیکٹری میں آلات جراحی کی تیاری کے دوران یہاںنصب مشینری روزانہ83.1کلو واٹ بجلی استعمال کرتی ہے جس کی وجہ سے اس فیکٹری کا ماہانہ بل دو لاکھ اکاون ہزار روپے سے زائد ہونا چاہئے لیکن گیپکو کے افسران کی ملی بھگت سے فیکٹری میں نہ صرف ایک بلکہ غیر قانونی طور پر دو ٹرانسفارمر لگانے کے بعد یہاں سست رفتار دو بجلی کے کنکشن بھی جاری کئے جن کی مدد سے گزشتہ آٹھ سال کے دوران اب تک کروڑوں روپے کی بجلی چوری کی جاچکی ہے۔ اسسٹنٹ ڈائریکٹر ایف آئی اے رانا شاہد نے بتایا کہ کارروائی کے دوران فیکٹری مالکان موقعہ سے فرار ہوگئے۔