شان مسعود کا ون ڈے ڈیبیو کیلیے انتظار ختم ہوگیا

ٹیسٹ کی کارکردگی ایک روزہ میچز میں بھی دہرانے کی امید ہے،اوپنر


Sports Reporter March 22, 2019
ٹیسٹ کی کارکردگی ایک روزہ میچز میں بھی دہرانے کی امید ہے،اوپنر۔ فوٹو: فائل

شان مسعود کا ون ڈے ڈیبیو کیلیے انتظار ختم ہو گیا، تاہم وہ آسٹریلیا کے خلاف شارجہ میں کھیلے جانے والے میچ میں قومی ٹیم کا حصہ ہوں گے۔

ڈومیسٹک کرکٹ میں تسلسل کے ساتھ رنز بنانے کے بعد دورہ جنوبی افریقہ میں انجرڈ حارث سہیل کا خلا پُر کرتے ہوئے شان مسعود نے ٹیسٹ سیریز میں بہتر کارکردگی کا مظاہرہ کیا تھا، انھیں ون ڈے اسکواڈ میں بھی شامل کیا گیا لیکن پلیئنگ الیون میں جگہ نہیں مل سکی تھی، اب آسٹریلیا کیخلاف ان کا ایک روزہ کرکٹ میں ڈیبیو کا خواب پورا ہونے جارہا ہے، اس سے قبل شان مسعود ایشیا کپ کیلیے اسکواڈ میں بھی منتخب ہوئے تھے۔

شان مسعود نے کہا کہ میں ایشیاکپ میں کھیلنے کی توقع کر رہا تھا لیکن بوجوہ ایسا ممکن نہ ہو سکا شاید اس لیے کہ مجھے آسٹریلیا کے خلاف ڈیبیو کرنا تھا، انھوں نے کہا کہ میں ٹیسٹ ٹیم سے ڈراپ ہوا، ون ڈے میں کبھی موقع ہی نہیں ملا تھا، ڈومیسٹک کرکٹ میں رنز بنائے اور کم بیک کرنے میں کامیاب ہوا، امید ہے کہ ٹیسٹ کی کارکردگی ون ڈے میچز میں بھی دہرانے میں کامیاب ہو جاؤں گا۔

اوپنر نے کہا کہ ہم بھارت کو ہوم گراؤنڈ پر مات دینے والی آسٹریلوی ٹیم کو آسان حریف نہیں سمجھ سکتے، ایک مضبوط سائیڈ کے خلاف بہتر کارکردگی دکھاتے ہوئے ورلڈکپ کی اچھی تیاری کے موقع سے فائدہ اٹھائیں گے۔