کیمبرج بورڈ آؤٹ ہونیوالے پرچوں کی تحقیق سامنے نہ لاسکا اے اور او لیول کے نتائج کل جاری ہونگے

ہزاروں طلبا کو چھٹیوں سے بلاکر دوبارہ امتحان کی اذیت دی گئی، کیمبرج عالمی امتحانی بورڈ آؤٹ پرچوں کے ذمے داروں کا۔۔۔


Safdar Rizvi August 12, 2013
طلبا کے احتجاج کے باوجود 13 اور 14جون کو اسلامیات ومطالعہ پاکستان کا امتحان لیا گیا، نتیجے میں دونوں پرچوں کا نتیجہ بھی شامل ہوگا۔ فوٹو: فائل

کیمبرج عالمی امتحانی بورڈ 2 ماہ بعد بھی ''او اور اے لیول''کے آؤٹ ہونے والے پرچوں کی تحقیقات سامنے نہیں لاسکا جس کے سبب ملک بھرکیمرج امتحان دینے والے ہزاروں طلبا پرچے آؤٹ ہونے کی تحقیقات سے لاعلم ہیں۔

کراچی سمیت ملک بھر میں ''اواوراے لیول''کے امتحانی نتائج آؤٹ ہونے والے پرچوں کی تحقیق اوراس کے ذمے داروں کے تعین کے بغیرہی کل منگل 13 اگست کو جاری کردیے جائیں گے،کیمرج عالمی امتحانی بورڈ کے تحت مئی میں لیے گئے او اور اے لیول کے امتحانات کے دوران اسلامیات اورمطالعہ پاکستان کے 2 پرچے آؤٹ ہوگئے تھے پرچے آؤٹ ہونے کا انکشاف کیمرج عالمی امتحانی بورڈ کی جانب سے 3 جون کوسامنے آیا تھا اوراس انکشاف کے ساتھ ہی 3 جون کو کیمبرج عالمی امتحانی بورڈ نے ملک بھرکے ہزاروں طلبہ وطالبات کواے اوراولیول کے اسلامیات اور مطالعہ پاکستان کے پرچے دوبارہ لینے کے اذیت ناک فیصلے سے آگاہ کیا۔



اس فیصلے کے نتیجے میں کراچی سمیت ملک بھرکے طلبا کے مسلسل احتجاج کے باوجود 13 اور 14 جون کواسلامیات اور مطالعہ پاکستان کے پرچے دوبارہ لیے گئے،5 جون کوکیمرج عالمی امتحانی بورڈ کے چیف ایگزیکٹو مائیکل اوسیلیون کا وضاحتی بیان سامنے آیا جس میں انھوں نے اسلامیات اورمطالعہ پاکستان کے پرچے دوبارہ لینے کے فیصلے کااعادہ کرتے ہوئے پاکستانی طلبہ و طالبات کو یقین دلایا تھا کہ پرچے آؤٹ ہونے کی تحقیق سامنے لائی جائیگی، انھوں نے کہا تھا کہ یہ دونوں پرچے پاکستان میں نہیں بلکہ پاکستان سے باہر آؤٹ ہوئے اس کے باوجود پاکستانی طلبا سے یہ دونوں پرچے دوبارہ لیے جائیں گے اس بیان کے بعد کراچی کے مختلف کیمبرج اسکولوں کے طلبہ وطالبات نے احتجاج بھی کیا اور پرچے دوبارہ نہ لینے کا مطالبہ کیا ہزاروں طلبا جو اواوراو لیول کے امتحانات دے کرملک یاشہر سے باہرموسم گرما کی تعطیلات گزارنے گئے تھے۔

اس اعلان کے بعد واپس آئے اورمجبوراً صرف اس لیے اسلامیات اورمطالعہ پاکستان کے پرچے دوبارہ دیے، صوبائی محکمہ تعلیم کے ذیلی ادارے اور نجی اسکولوں کی مانیٹرنگ اتھارٹی ڈائریکٹوریٹ پرائیویٹ انسٹی ٹیوشنز نے بھی اس معاملے میں مداخلت کرتے ہوئے برٹش کونسل سے پرچے دوبارہ نہ لینے اورفیصلے پر نظرثانی کی تجویز پیش کی، نہ اس خط کا جواب دیا گیا اور نہ ہی فیصلے پر نظر ثانی کی گئی اب معاملے کو دو ماہ گزر چکے ہیں اور کیمرج عالمی امتحانی بورڈ کی جانب سے تحقیقات کے نتائج پاکستان طلبا کے سامنے نہیں لائے گئے اور نہ ہی اس سلسلے میں کسی ذمے دارکا تعین ہوا دوبارہ لیے گئے پرچوں کے نتائج کل 13 اگست کوجاری ہونگے۔

مقبول خبریں