سندھ بھر کے اساتذہ و طلبا کو نادرا اسمارٹ کارڈ جاری کرنے کا فیصلہ

تعلیمی اداروں کی مانیٹرنگ میں مدد ملے گی، نادرا سے معاہدہ، ستمبر میں خصوصی تعلیم مہم شروع کی جائے گی، فضل اللہ پیچوہو


Nama Nigar August 13, 2013
محکمہ تعلیم اور نادرا کے درمیان ایک معاہدہ کیا جارہا ہے جس کے بعد نادرا سندھ بھر کے اساتذہ، لیکچرارز ، پروفیسرز اور طلبا و طالبات کو اسمارٹ کارڈز جاری کرے گا۔

محکمہ تعلیم سندھ اور نادرا میں معاہدہ، سندھ بھر کے اساتذہ اور طلبا و طالبات کو نادرا اسمارٹ کارڈ جاری کرنے کا فیصلہ، ستمبر میں محکمہ تعلیم کی جانب سے خصوصی تعلیم کے آغاز کا اعلان۔

تفصیلات کے مطابق محکمہ تعلیم سندھ کے سیکریٹری فضل اللہ پیچوھو نے پیر کے روز محکمہ تعلیم نواب شاہ کے دفاتر کا دورہ کیا۔ اس دوران میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انھوں نے کہا کہ محکمہ تعلیم کو جدید خطوط پر استوار کرنے کا عزم کر رکھا ہے، تعلیم کسی بھی قوم کی ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتی ہے، محکمے سے بدعنوانی کا خاتمہ کرنے کا تہیہ کر رکھا ہے۔ انھوں نے بتایا کہ محکمہ تعلیم میں ایک سینٹرل مانیٹرنگ سینٹر بنایا جارہا ہے جہاں سندھ بھر کے اسکولز، کالجز کے طلبا و طالبات اور اساتذہ کا ڈیٹا ہو گا اور تعلیمی اداروں کی مانیٹرنگ کی جائیگی۔ محکمہ تعلیم اور نادرا کے درمیان ایک معاہدہ کیا جارہا ہے جس کے بعد نادرا سندھ بھر کے اساتذہ، لیکچرارز ، پروفیسرز اور طلبا و طالبات کو اسمارٹ کارڈز جاری کرے گا۔



اسمارٹ کارڈ کے ذریعے طلبا کو پریشانیوں سے نجات ملے گی، اسکالر شپ ودیگر سہولتیں انھیں فراہم کی جاسکیں گی۔ جبکہ اساتذہ کو اسمارٹ کارڈ کے ذریعے مانیٹرکیاجائیگا۔ اس سسٹم کے بعد محکمے میں جعلی بھرتیوں کا ہمیشہ کے لیے خاتمہ ہو گا۔ انھوں نے بتایا کہ وہ جتنا عرصہ رہیں گے اپنی ساری توجہ اور صلاحیتیں محکمے کی بہتری اور تعلیم کے نظام کو درست کرنے پر صرف کریں گے۔ محکمے میں سفارش کا مکمل خاتمہ کر دیا ہے۔ کالی بھیڑوں کے خلاف سخت کارروائی کی جائیگی،سندھ کے تعلیمی نظام کو ملک کا ایک مثالی نظام بنایا جائیگا۔ علاوہ ازیں سیکریٹری تعلیم نے ایک اعلیٰ سطحی اجلاس کی صدارت بھی کی جس میں ڈپٹی کمشنر مزمل ہالیپوٹہ، ڈویژنل انجینئر پی ٹی سی ایل شاہد قریشی، لاخی خان جمالی اور دیگر افسران نے شرکت کی۔

مقبول خبریں