مانکیڈ تنازع، ورلڈ کپ کیلیے خطرے کی گھنٹی

اسپورٹس ڈیسک  اتوار 31 مارچ 2019
میگا ایونٹ بھی متنازع رن آؤٹ سے داغدار ہوسکتا ہے، قانون واضح کیا جائے، روٹ۔ فوٹو: فائل

میگا ایونٹ بھی متنازع رن آؤٹ سے داغدار ہوسکتا ہے، قانون واضح کیا جائے، روٹ۔ فوٹو: فائل

لندن: مانکیڈ تنازع نے ورلڈ کپ کیلیے بھی خطرے کی گھنٹی بجادی جب کہ میگا ایونٹ بھی متنازع رن آؤٹ کی وجہ سے داغدار ہوسکتا ہے۔

آئی پی ایل میں ایشون کی جانب سے جوز بٹلر کو مانکیڈ کرنے کے تنازع نے نئے خدشات پیدا کردیے ہیں، اس طرح کے کسی رن آؤٹ کی وجہ سے انگلینڈ میں شیڈول ورلڈ کپ بھی متاثر ہوسکتا ہے، اسی وجہ سے انگلش کپتان جوئے روٹ نے اس قانون کے حوالے سے مکمل وضاحت کا مطالبہ کردیا ہے۔ وہ کہتے ہیں کہ آئی پی ایل میں پیش آنے والا واقعہ ایک وارننگ ہے، اچھی بات یہ ہے کہ ایسی کوئی چیز ورلڈ کپ کے کسی عام میچ یا فائنل میں بٹلر کے ساتھ پیش نہیں آئی۔

جوئے روٹ نے واضح کیا کہ ہم خود تو کسی بھی ایسی پریکٹس کے حق میں نہیں ہیں لیکن ہم چاہتے ہیں کہ ہمیں اس قانون کے حوالے سے تمام حدود سے آگاہ کیا جائے کیونکہ مانکیڈ آؤٹ ورلڈ کپ کو بھی تنازعات سے دوچار کرسکتا ہے، میں سمجھتا ہوں کہ کچھ اور لوگ بھی اس حوالے سے وضاحت کے خواہاں ہوں گے۔

انہوں نے کہا کہ امپائرز کو بھی اس بارے میں واضح ہونا چاہیے کہ کس طرح کوئی آؤٹ ہوگا اور کس طرح نہیں، اس بات کو یقینی بنانے کی ضرورت ہے کہ ہر کوئی ایک صفحے پر ہو، اس قانون کے حوالے سے کسی بھی قسم کی غیرمستقل مزاجی صورتحال کو خراب کرسکتی ہے۔

یاد رہے کہ ایشون کی جانب سے جان بوجھ کر گیند ڈلیور کرنے میں تاخیر اور بٹلر کو کریز چھوڑنے کا موقع دینے کے بعد ان کو آؤٹ کرنے پر ہی زیادہ بحث ہورہی ہے۔

 

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔