انٹر بینک میں ڈالر کی قدر نئی بلند ترین سطح پر پہنچ گئی

ڈالر 45 پیسے اضافے سے 102.75 روپے کا ہو گیا، اوپن مارکیٹ میں قدر 25 پیسے بڑھی


Business Reporter August 13, 2013
آئی ایم ایف کوادائیگی سے زرمبادلہ ذخائر اور روپے کی قدر پردبائومیں اضافہ ہوا، ڈیلرز فوٹو: فائل

ڈالرکے مقابلے میں روپے کی بے قدری کا سلسلہ جاری ہے۔

اوپن مارکیٹ میں ڈالر 25 پیسے مہنگا جبکہ انٹر بینک میں نئی بلند ترین سطح پر پہنچ گیا۔ فاریکس ڈیلرز کا کہنا ہے کہ اوپن مارکیٹ میں ایک ڈالر 103 روپے سے بھی تجاوز کرگیا جبکہ عید سے قبل اس کی قیمت 102 روپے75 پیسے تھی، انٹر بینک مارکیٹ میں ڈالر کی قدر 45 پیسے اضافے کے ساتھ 102 روپے 75 پیسے کی سطح پر دیکھی گئی جو ایک ریکارڈ ہے۔ ڈیلرز کا کہنا ہے کہ عید سے قبل پاکستان نے آئی ایم ایف کو 14 کروڑ 50 لاکھ ڈالر کا قرض واپس کیا ہے جس سے زرمبادلہ ذخائر اور روپے کی قدر پر دباؤ پڑا ہے، انٹربینک اور اوپن کرنسی مارکیٹ میں روپے کے مقابل ڈالر کی قدر مزید بڑھ گئی ہے جس کی وجہ سے روپے کی قدر میں مسلسل کمی دیکھنے میں آ رہی ہے۔ ایکس چینج کمپنیز ایسوسی ایشن آف پاکستان کی رپورٹ کے مطابق منگل کو انٹربینک مارکیٹ میں ڈالر مزید 5 پیسے مہنگا ہو گیا ۔



جس سے ڈالر کی قیمت خرید 102.60 روپے سے بڑح کر 102.65 روپے اور قیمت فروخت 102.65روپے سے بڑھ کر 102.70 روپے ہو گئی، اسی طرح10پیسے کے اضافے سے اوپن کرنسی مارکیٹ میں ڈالر کی قیمت خرید 103.10روپے سے بڑھ کر 103.20روپے اور قیمت فروخت 103.30 روپے سے بڑھ کر103.40روپے ہو گئی۔ رپورٹ کے مطابق یورو کی قدر میں25پیسے کا اضافہ ریکارڈ کیا گیاجس کے باعث یورو کی قیمت خرید 135.75 روپے سے بڑھ کر136روپے اور قیمت فروخت 136روپے سے بڑھ کر136.25روپے ہو گئی تاہم برطانوی پاؤنڈ کی قیمت خرید 158روپے اور قیمت فروخت 158.25روپے پر مستحکم رہی۔

ایکس چینج کمپنیز ایسوسی ایشن آف پاکستان کی رپورٹ کے مطابق منگل کے روز یو اے ای درہم کی قدر میں 10 پیسے کا اضافہ ریکارڈ کیا گیا جس سے یو اے ای درہم کی قیمت خرید 27.90 روپے سے بڑھ کر 28 روپے اور قیمت فروخت 28.05 روپے سے بڑھ کر 28.15 روپے ہو گئی جبکہ10پیسے کے اضافے سے سعودی ریال کی قیمت خرید 27.20روپے سے بڑھ کر 27.30 روپے اور قیمت فروخت 27.35 روپے سے بڑھ کر 27.45روپے ہو گئی۔