سارک چیمبر کا ملکی مسائل پرگول میز کانفرنس بلانے کا مطالبہ

توانائی بحران دور کرنے کیلیے ماحول دوست جدید ٹیکنالوجی کی حوصلہ افزائی کی جائے۔


این این آئی August 15, 2013
عید الفطر اور جشن آزادی کی مبارکباد دینے والوں سے گفتگو میں افتخار علی ملک نے کہاکہ ملک کومعاشی ترقی کی دوڑ میں بہت پیچھے کردیا گیا ہے. فوٹو: فائل

سارک چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے نائب صدراور ایف پی سی سی آئی میں بزنس مین پینل کے شریک چیئرمین افتخار علی ملک نے ملک کے بڑے مسائل کے حل کیلیے فوری طور پر گول میزکانفرنس بلانے کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ ملک میں ماحول دوست جدید ٹیکنالوجی کے استعمال کی حوصلہ افزائی کی جائے تاکہ ملک سے بجلی اور گیس کا بحران دور ہو سکے اور انڈسٹری اپنی اصل پیداواری قوت پرچل سکے۔

انہوں نے کہا کہ مجوزہ کانفرنس میں ملک کے تمام سیاسی اور مذہبی رہنماؤں کو بلا کربانی پاکستان قائد اعظم محمدعلی جناح کے اتحاد، تنظیم اوریقین محکم پر مبنی نعرے پر عمل پیرا ہونا چاہیے اورایمان کی مضبوطی کے ساتھ ملک کو مستحکم بنانے کے لیے مل جل کر کام کرنا چاہیے اور اسلامی تعلیمات کے مطابق متوازن زندگی گزارنی چاہیے۔ عید الفطر اور جشن آزادی کی مبارکباد دینے والوں سے گفتگو میں افتخار علی ملک نے کہاکہ ملک کومعاشی ترقی کی دوڑ میں بہت پیچھے کردیا گیا ہے، ہمیں اس وقت ہرقسم کے عصبیت، نفرت، لالچ اور مفادات سے بالاتر ہوکرباہمی اخوت اور بھائی چارے کی فضا پیدا کرکے ملک کو معاشی ترقی کی راہ پر گامزن کرنے اور فلاحی ریاست بنانے کے لیے ٹھوس اقدامات کرنا ہونگے۔



انہوں نے کہا کہ ملک کو اس وقت سستی توانائی کی ضرورت ہے کیونکہ مہنگی بجلی سے صنعتیں چلانا مشکل ہے لہٰذاحکومت کو چاہیے کہ وہ پن بجلی کے منصوبوں کو ترجیح دے اورکوئلہ، سولر، بائیو ماس اور بائیوگیس کے ذریعے بجلی پیداکی جائے، تمام تھرمل پاور یونٹس فوری طور پر کوئلے پر منتقل کیے جائیں، اس طرح نہ صرف ملک سے لوڈشیڈنگ کا خاتمہ ہوگا بلکہ سستی بجلی میسرآئے گی۔

مقبول خبریں