عابد علی کی فٹنس پر چھائے خدشات کے بادل چھٹ گئے

عباس رضا / اسپورٹس رپورٹر  جمعـء 5 اپريل 2019
کہنی کی تکلیف سے نجات پاچکے، پاکستان کپ میں بیٹنگ بھی شروع کردی۔ فوٹو: فائل

کہنی کی تکلیف سے نجات پاچکے، پاکستان کپ میں بیٹنگ بھی شروع کردی۔ فوٹو: فائل

 لاہور:  عابد علی کی فٹنس کے حوالے سے چھائے خدشات کے بادل چھٹ گئے۔

آسٹریلیا کیخلاف ون ڈے سیریز کے چوتھے میچ میں ڈیبیو کرتے ہوئے عابد علی نے شاندار سنچری جڑکر روشن مستقبل کی نوید سنائی لیکن پانچویں مقابلے میں جنید خان کی گیند پر شان مارش کا شاندار ڈائیونگ کیچ لینے کے دوران کہنی بڑی شدت کیساتھ زمین سے ٹکرائی، کندھے میں خاصی تکلیف کی وجہ سے انھیں میدان سے باہر جانا پڑا۔

فزیو نے انجری کا جائزہ لینے کے بعد طبی امداد دی، بعد ازاں بیٹنگ کیلیے آئے تو پہلی ہی گیند پر آؤٹ ہوگئے، ڈریسنگ روم میں بھی انھیں بازو پر پٹی باندھے دیکھا گیا۔

عابد علی پاکستان ون ڈے کپ میں خیبرپختونخوا کی جانب سے فیڈرل ایریاز کی جانب سے ایکشن میں تھے لیکن ان کی اننگز20 رنز تک محدود رہی، دوسرا میچ جمعے کو پنجاب کیخلاف کھیلیں گے۔

خیبرپختونخوا ٹیم ذرائع کے مطابق عابدعلی دبئی میں ہونیوالی انجری سے مکمل طور پر نجات پاچکے ہیں، فزیو نے کوئی اسکین کروانے کی ضرورت بھی محسوس نہیں کی، اوپنر کندھے کی ہلکی پھلکی ورزش جاری رکھے ہوئے ہیں، بیٹنگ کے دوران کسی قسم کی تکلیف محسوس نہیں کررہے۔

یاد رہے کہ ورلڈکپ میں شرکت کے امیدوار 23پاکستانی کرکٹرز کے فٹنس ٹیسٹ 15اور 16اپریل کو نیشنل کرکٹ اکیڈمی میں ہونگے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔