ایفی ڈرین کیسچھاپوں کے باوجود مرکزی ملزم توقیرگرفتارنہیں ہوا

حنیف عباسی کل ضمانت کرائیں گے، مخدوم شہاب،موسیٰ گیلانی بھی ہائی کورٹ میں طلب


Numainda Express August 26, 2012
حنیف عباسی کل ضمانت کرائیںگے، مخدوم شہاب،موسیٰ گیلانی بھی ہائی کورٹ میں طلب۔ فوٹو: ایکسپریس

اینٹی نارکوٹکس فورس ایفی ڈرین کے غیر قانونی کوٹہ الاٹمنٹ اسکینڈل کے ایک مرکزی ملزم توقیر علی خان کوکچہری اور ہائیکورٹ میںدو دن بھاری نفری کے ہمراہ کڑے ناکے لگانے کے باوجودگرفتار نہیںکرسکی۔

اے این ایف کو اپنے ذرائع سے اطلاع ملی تھی کہ ملزم توقیر علی خان جسے اشتہاری قرار دیکر دائمی وارنٹ گرفتاری جاری کیے جاچکے ہیں، ضلع کچہری میں انسداد منشیات کی خصوصی عدالت یا ہائیکورٹ میں عبوری ضمانت کرانے کیلیے آرہے ہیں جس پر چیف تفتیشی آفیسر بریگیڈیئر فہیم اور تفتیشی افسر عابد ذوالفقار نے ان دونوں عدالتوں میں ملزم کے پہنچنے سے قبل اس کی گرفتاری یقینی بنانے کیلیے کچہری اور ہائیکورٹ میں اے این ایف کی باوردی اور سول کپڑوں میں بھاری نفری تعینات کر دی مگر مذکورہ ملزم پیش نہیں ہوا اس کی گرفتاری کیلیے ملتان اور اسلام آباد میں بھی چھاپے مارے گئے۔

ملزم توقیر علی خان کے بارے میں اے این ایف کا موقف ہے کہ یہ رکن قومی اسمبلی علی موسیٰ گیلانی کا پرسنل سیکریٹری تھا اور ایفی ڈرین کوٹہ دلانے میں اس نے علی موسیٰ گیلانی کی طرف سے براہ راست مرکزی کردار ادا کیا تھا،اے این ایف کا موقف ہے کہ توقیر علی پاکستان میں ہے جبکہ ملزم کے ذرائع نے بتایا کہ وہ دبئی کے راستے جنوبی افریقہ فرار ہوچکا ہے،اے این ایف گزشتہ دو ماہ سے اس کی تلاش میں مکمل طور پر ناکام رہی ہے۔

اس کے علاوہ اے این ایف نے جن4کمپنیوں کیخلاف غیر قانونی ایفی ڈرین کا کوٹہ حاصل کرنے کے مقدمات درج کیے ہیں ۔ان کمپنیوںگلوبل فارما سیوٹیکل اسلام آباد،فرینڈز فارما،ریمنڈ فارما لاہور،فینٹیکس فارما اٹک اور جنوم فارما سیوٹیکل حطار ہری پورکے مالکان اور ڈائریکٹرزکی گرفتاری میں بھی ناکام ہوگئی ہے ان چاروں کمپنیوںکے مالکان اور ڈائریکٹرز نے عبوری ضمانتیں بھی نہیںکرائیں،گریس فارماسیوٹیکل کمپنی کے مالک رکن قومی اسمبلی حنیف عباسی پیر کومخدوم شہاب الدین اور علی موسیٰ گیلانی کی عبوری ضمانتوں کی درخواستوں پر ہائیکورٹ کے فیصلے کے بعد عبوری ضمانت کرائیں گے،اس وقت حنیف عباسی سندھ ہائیکورٹ سے تحفظاتی ضمانت پر ہیں۔

جسٹس خواجہ امتیاز احمد اور جسٹس عباد الرحمان لودھی پر مشتمل ڈویژن بینچ وفاقی وزیر مخدوم شہاب الدین اور رکن قومی اسمبلی علی موسیٰ گیلانی کی عبوری ضمانت کی درخواستوں کی سماعت کل کرے گا ۔دونوں شخصیات کو نوٹس جاری کرکے عدالت طلب کر لیا گیا ہے۔ این این آئی کے مطابق اے این ایف نے ایفی ڈرین کوٹہ کیس میں تفتیش کا دائرہ کاربڑھا دیا' مزید دو ملزمان کوگرفتارکرکے شامل تفتیش کرنے کا فیصلہ کر لیا گیا ۔

اے این ایف ذرائع کے مطابق آصف شیخانی میمن اور اعظم نامی دو ملزمان کے وارنٹ گرفتاری حاصل کیے جائیں گے۔ اعظم نے گلوبل اور گریس فارماسوٹیکل کمپنی سے ایفی ڈرین حاصل کر کے فروخت کی جبکہ آصف شیخانی نے ایفی ڈرین گولیاں بغیر اجازت نامے کے فروخت کیں۔ ملزمان کی گرفتاری کے لیے پیر کو عدالت سے وارنٹ حاصل کیے جائیں گے۔ اعظم کا تعلق مردان اور آصف شیخانی کا تعلق کراچی سے ہے۔

مقبول خبریں