سنسناٹی ٹینس سمونا نے بارٹولی کو اپ سیٹ شکست دے دی

سرینا نے پہلا سیٹ ہارنے کے بعد ایگوین بوچارڈ کو قابو کر لیا، کیرولین ووزینسکی، سارا ایرانی، روبرٹاونسی بھی کامیاب


Sports Desk/AFP August 16, 2013
سرینا نے پہلا سیٹ ہارنے کے بعد ایگوین بوچارڈ کو قابو کر لیا، کیرولین ووزینسکی، سارا ایرانی، روبرٹاونسی بھی کامیاب، مینز میں اینڈی مرے وجوکووک کی جیت۔ فوٹو: رائٹرز/فائل

سنسناٹی ٹینس میں سمونا ہیلیپ نے ومبلڈن چیمپئن ماریون بارٹولی کو اپ سیٹ شکست دے دی۔

سرینا ولیمز نے پہلا سیٹ ہارنے کے بعد ایگوین بوچارڈ کو قابو کر لیا،کیرولین ووزینسکی، سارا ایرانی، روبرٹاونسی و دیگر نے اپنے میچز جیت لیے۔ تفصیلات کے مطابق سمونا ہیلیپ نے فرنچ اسٹار ماریون بارٹولی کیخلاف3-6، 6-4، 6-1 سے فتح حاصل کی،اس شکست پر دلبرداشتہ بارٹولی نے کھیل سے ہی ناطہ توڑنے کا فیصلہ کر لیا، ٹاپ سیڈ سرینا ولیمز نے کینیڈا کی ایگوئن بوچارڈ سے پہلا سیٹ ہارنے کے بعد میچ میں4-6، 6-2 اور 6-2 سے فتح پائی۔ سارا ایرانی نے پولونا ہرکوگ کو6-4، 5-7 اور 6-4 سے زیر کیا، روبرٹا ونسی نے جرمن پلیئر اندریا پیٹکووک کو6-4، 6-7 (3/7) اور 6-3 سے پچھاڑکر تیسرے راؤنڈ میں جگہ بنائی۔

2011 ومبلڈن فاتح پیٹراکویٹووا نے نیوزی لینڈ کی مرینا ایراکووک کو 6-4، 6-7 (7/9) اور 6-3 سے مات دی، جرمنی کی اینجلیک کیربر نے الیسا کلیبانووا کو 7-6 (7/3)، 6-7 اور 6-3 جبکہ سابق نمبر ون کیرولین ووزینسکی نے مونیکا نیکولیسکو کو 6-4، 6-3 سے زیر کر لیا۔ مینز میں نووک جوکووک نے ارجنٹائن کے جوآن موناکو کو7-5، 6-2 سے ہرایا، برطانوی اسٹار اینڈی مرے نے روس کے میخائل یوزنی کو 6-2، 6-3 سے مات دی، دونوں پلیئرز کو پہلے راؤنڈ میں بائی حاصل تھی۔



ایک ہفتے قبل مانٹریال ٹینس کے تیسرے راؤنڈ میں شکست کا شکار ہونیوالے ورلڈ نمبر ٹو مرے نے ہارڈ کورٹ ٹورنامنٹ میں کوئی بھی غلطی نہ دہرانے کی یقین دہانی کراتے ہوئے صرف 70 منٹ میں حریف کو مات دی ، اگلے راؤنڈ میں ان کا مقابلہ فرانس کے جولین بینیٹیو کے ساتھ ہوگا۔

جوکووک اپنے کیریئر کی تکمیل کے لیے تمام 9 ماسٹرز 1000 ٹائٹل جیتنے کی کوشش کررہے اور ہدف کی تکمیل کیلیے یہ ٹورنامنٹ جیتنا چاہتے ہیں، تیسرے راؤنڈ میں انکا سامنا بیلجیئن کوالیفائر ڈیوڈ گوفن سے ہو گا جنھوں نے کینیڈا کے ویسک پوسپسل کو سخت جدوجہد کے بعد 7-5، 1-6 اور 7-6 (8/6) سے ہرایا۔ مانٹریال ٹینس چیمپئن رافیل نڈال نے بینجمن بیکر کیخلاف 6-2، 6-2 سے فتح پائی، جمہوریہ چیک کے ٹامس برڈچ نے فن لینڈ کے جارکو نیمینن کو 6-3، 6-2 سے قابو کیا۔ ارجنٹائن کے جوآن مارٹن ڈیل پوٹرو نے نکولائی ڈیوڈنکو پر 7-5، 7-5 سے غلبہ پایا،امریکا کے جون اسنر نے رچرڈ گیسکوئٹ کو 7-6 (8/8), 6-2 سے مات دی، راؤنک نے جینکو تیپسروچ کو 6-4، 7-6 (7/4) سے ہرایا۔