وسیم خان کو اختیارات کا سر چشمہ بنانے کیلیے پلان تیار

اسپورٹس رپورٹر  بدھ 17 اپريل 2019
ڈومیسٹک اسٹرکچر میں آسٹریلوی طرز پر صوبائی فرسٹ کلاس ٹیمیں لانے کیلیے پیش رفت پر بریفنگ دی جائے گی۔ فوٹو: فائل

ڈومیسٹک اسٹرکچر میں آسٹریلوی طرز پر صوبائی فرسٹ کلاس ٹیمیں لانے کیلیے پیش رفت پر بریفنگ دی جائے گی۔ فوٹو: فائل

 لاہور:  منیجنگ ڈائریکٹر وسیم خان کو اختیارات کا سرچشمہ بنانے کیلیے پلان تیار کرلیا گیا۔

پی سی بی گورننگ بورڈ کا 53 واں اجلاس بدھ کو کوئٹہ میں ہوگا، بلوچستان کے دارالحکومت کو پہلی بار میزبانی کا اعزاز حاصل ہو رہا ہے، اس موقع پر رواں سال 7 فروری کو ہونے والے گزشتہ اجلاس کے منٹس ارکان کے سامنے پیش کیے جائیں گے،ان کے حوالے سے سامنے آنے والے معاملات پر بات چیت کی جائے گی۔

چیئرمین احسان مانی اور منیجنگ ڈائریکٹر وسیم خان اپنی رپورٹس پیش کریں گے، فی الحال منیجنگ ڈائریکٹر کے طور پر کام کرنے والے وسیم خان کو طاقتور چیف ایگزیکٹیو بنانے کیلیے پی سی بی آئین میں تبدیلی درکار ہے، اس ضمن میں کام کرنے والی ٹاسک فورس اپنی رپورٹ پیش کرے گی جس کی روشنی میں وسیم خان کے اختیارات میں کئی گنا اضافہ ہوجائے گا۔

وسیم خان کو 5 لاکھ روپے مالیت کا کریڈٹ کارڈ جاری کرنے کیلیے تیاریاں کرلی گئی ہیں، بینک نے اس کے اجرا کیلیے گورننگ بورڈ سے منظوری کی شرط لگائی ہے، یہ مرحلہ بھی بدھ کو مکمل کرلیا جائے گا۔

یاد رہے کہ وسیم خان کے اختیارات میں بے پناہ اضافے کیلیے گورننگ بورڈ کی اہمیت کو نظر انداز کرنے کی تجاویز پر اراکین کی جانب سے تحفظات سامنے آرہے ہیں،گورننگ بورڈ اجلاس میں ڈومیسٹک اسٹرکچر میں مجوزہ تبدیلیوں کے حوالے سے کام کرنے والی ٹاسک فورس صوبائی ٹیموں کو فرسٹ کلاس سسٹم میں لانے کیلیے مجوزہ آئینی تبدیلیوں پر بریفنگ دے گی۔

ٹیم ختم کیے جانے کے بعد حبیب بینک کی گورننگ بورڈ سے بھی رخصتی کا لیٹر جاری کردیا گیا تھا،دیگر ڈپارٹمنٹس واپڈا، سوئی سدرن گیس اور کے آر ایل کی نمائندگی بھی ختم ہوجائے گی،اراکین کے متفق ہونے پر نئے آئین کا مسودہ وزارت قانون کے ذریعے حتمی منظوری کیلیے پی سی بی کے پیٹرن انچیف اور وزیر اعظم عمران خان کے پاس جائے گا۔

آسٹریلوی طرز پر نئے اسٹرکچر کے حوالے سے تمام کام فرسٹ کلاس سیزن شروع ہونے سے قبل اکتوبر میں مکمل کرنے کیلیے تیاریاں کی جارہی ہیں،ریجنل ٹیموں کے مالی معاملات چلانے کیلیے طریقہ کار بھی کے حوالے سے کام بھی آخری مراحل میں ہے۔

اجلاس کے دوران پی ایس ایل امور کے بارے میں بھی ارکان کو آگاہ کیا جائے گا، گزشتہ اور رواں مالی سال کی آڈٹ رپورٹ منظوری کیلیے پیش کی جائے گی۔ پی سی بی ہیڈ کوارٹر اور کراچی آفس کے بینک اکائونٹ 2مختلف بینکوں میں ہونے والی مشکلات ختم کرنے کیلیے نیا اکائونٹ کھولا جانا ہے،اس کیلیے درکار گورننگ بورڈ کی اجازت بھی حاصل کرلی جائے گی، پی سی بی کی آئندہ سالانہ جنرل میٹنگ کی تاریخ اور وینیو کا معاملہ بھی زیر غور آئے گا۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔