سنسناٹی ٹینس وکٹوریا آذرنیکا نے ٹرافی پر قبضہ جما لیا

فائنل میں سرینا ولیمز کو شکست،مینز ڈبلزمیں ٹاپ سیڈ برائن برادرزکو گرینولرز اور مارک لوپز نے ٹھکانے لگا دیا


AFP August 20, 2013
سنسناٹی ٹینس: بیلاروس کی وکٹوریا آذرنیکا فاتح ٹرافی تھامے مسکرا رہی ہیں، انھوں نے فیصلہ کن معرکے میں امریکی حریف سرینا ولیمز کو قابو کر لیا۔ فوٹو: اے ایف پی

وکٹوریا آذرنیکا نے سرینا ولیمز کو پچھاڑ کر سنسناٹی ماسٹرزکی ٹرافی پر قبضہ جما لیا۔

مینز ڈبلز کے فائنل میں ٹاپ سیڈ برائن برادرز باب اور مائیک کو اسپینش جوڑی مارسیل گرینولرز اور مارک لوپز نے ٹھکانے لگایا، ویمنز ڈبلز میں ایشین پیٹر پینگ شوئی اور ہائش سو وائی نے میدان مارلیا۔ تفصیلات کے مطابق وکٹوریا آذرنیکا نے سرینا ولیمزکو پچھاڑ کر سنسناٹی ماسٹرزکی ٹرافی جیت لی۔

ورلڈ نمبر ون امریکی پلیئر کیخلاف بیلاروسی اسٹار کی فتح کا اسکور 2-6، 6-2، 7-6(8/6) رہا، اس کامیابی کے ساتھ ہی آذرنیکا نے آئندہ ہفتے شیڈول سیزن کے اختتامی گرینڈ سلم کے لیے اپنا دعویٰ بھی مضبوط بنالیا، 2 گھنٹے 30 منٹ تک جاری رہنے والے اعصاب شکن مقابلے میں لمحہ لمحہ کھیل کی پوزیشن بدلتی رہی ، سیکنڈ سیڈ بیلاروسی پلیئر آذرنیکا 2 ڈبل فالٹس کرتے ہوئے ابتدائی سیٹ محض 30 منٹ میں ہارگئیں۔

اس کے بعد انھوں نے خود کو ازسرنو منظم کیا اور ٹاپ سیڈ سرینا ولیمز کو اب تک ہونے والے 15 باہمی مقابلوں میں تیسری شکست کا مزہ چکھایا، رواں برس امریکی حریف کیخلاف یہ ان کی دوسری فتح بنی، سیزن کے آغاز پر دوحا فائنل میں بھی انھوں نے سرینا کو زیر کیا تھا، آذرنیکا نے سنسناٹی میں پہلی ٹرافی جیت کر اپنے کیریئر کے ٹائٹلز کی مجموعی تعداد 17 تک پہنچا دی۔



فاتح پلیئر نے کہا کہ سرینا سے مقابلہ بہت کانٹے دار رہا، ہم دونوں نے ایک دوسرے پر غلبہ پانے کیلیے سخت محنت کی، یہ ہفتہ میرے لیے نہایت شاندار رہا اور میں بہت اچھا محسوس کررہی ہوں، بلاشبہ سرینا کیخلاف جیت میری بڑی کامیابی ہے، سرینا ولیمز نے گذشتہ ہفتے مونٹریال ماسٹرز کی ٹرافی اپنے نام کی تھی لیکن سنسناٹی میں وہ جیت کا تسلسل قائم نہیں رکھ پائیں، شکست کے بعد میڈیا سے گفتگو میں انھوں نے کہا کہ آذرنیکا نے میچ کے2 اختتامی سیٹس میں جارحانہ کھیل پیش کیا جس سے کھیل یکسر تبدیل ہوگیا، وہ اچھی پلیئر ہے اور اسی وجہ سے گرینڈ سلم ٹائٹلز جیتنے میں کامیاب رہی، مجھے اس سے مقابلے میں خاصی مشکل پیش آتی ہے، انھوں نے کہا کہ ہماری درمیان اچھی مسابقت ہے، میں نمبرون اور وہ دوسری پوزیشن پر براجمان ہیں۔

اس تناظرمیں ہمارا فائنل مزید دلچسپ بنا رہا، سرینا ولیمز نے ایک برس قبل یوایس اوپن کے فائنل میں آذرنیکا کوشکست سے دوچار کیا تھا۔ مینز ڈبلز کے فائنل میں ٹاپ سیڈ اور فیورٹ امریکی برائن برادرز باب اور مائیک کو شکست ہوگئی، اسپینش پلیئرز مارسیل گرینولرز اور مارک لوپز نے ابتدائی سیٹ میں 4-6 سے ناکامی کا ازالہ اگلے سیٹ میں اسی مارجن سے فتح کی بدولت کردیا، تیسرے اور فیصلہ کن سیٹ میں 10-4 کے اسکور پر انھیں کامیابی مل گئی، ویمنز ڈبلز کا ٹائٹل چینی پلیئر پینگ شوئی اور چائنیز تائپے کی ہائش سو وائی کے نام رہا، انھوں نے فائنل میں جرمنی کی اینالینا گرونفیلڈ اور جمہوریہ چیک کی کیوٹوا پشکے کیخلاف 2-6، 6-3 اور 12-10 سے کامیابی پائی۔