معصوم جانوں کی غلط انجکشنوں سے ہلاکت

بیماری کی درست تشخیص ہو اور انجکشن یا فوری دوائیں دینے کا معاملہ میڈیکل عملہ پر نہیں چھوڑنا چاہیے۔


Editorial April 23, 2019
بیماری کی درست تشخیص ہو اور انجکشن یا فوری دوائیں دینے کا معاملہ میڈیکل عملہ پر نہیں چھوڑنا چاہیے۔ فوٹو: فائل

کراچی کے گلستان جوہر کے نجی اسپتال میں 9 ماہ کی ننھی نشوہ انتقال کرگئی۔وہ 16 روز سے اسپتال میں زیر علاج تھی ۔ ترجمان اسپتال کے مطابق غلط انجکشن لگنے سے معصوم نشوہ کا 71 فیصد دماغ مفلوج ہوگیا تھا، غلط انجکشن لگانے کے معاملے پر نرسنگ انچارج سمیت مجموعی طور پر چار افراد گرفتار کیے جا چکے ہیں، اسپتال کے ایگزیکٹو ڈائریکٹر نے بھی استعفیٰ دے دیا۔

واضح رہے نشوہ کی الم ناک موت سے پہلے غلط انجکشن لگنے سے کم سن مریضوں کے دم توڑنے کے دو الگ واقعات بھی رپورٹ ہوئے ہیں۔ ان ناگہانی اور دردناک اموات پر لواحقین نے اسپتال انتظامیہ کے خلاف شدید احتجاج کیا۔بلاشبہ ہر انسانی جان قیمتی ہوتی ہے اور جہاں ننھی نشوہ کا کیس ہے وہ معالجاتی سہولتوں میں پیشہ ورانہ غفلت یا ناتجربہ کاری کا شاخشانہ بھی ہوسکتا ہے جب کہ مارکیٹ میں دستیاب دواؤں کے غیر معیاری اور زائدالمیعاد ہونے کی شکایات بھی عام ہیں۔

لازم ہے کہ پیرا میڈیکل عملے کو علاج کے ضمن میں ہمیشہ درست طبی اصولوں کو فوقیت دینی چاہیے علاوہ ازیں سرکاری یا نجی اسپتالوں میں معالجاتی میکنزم مکمل شفافیت کا حامل اور فول پروف ہونا شرط ہے، مثلاً کورنگی کراچی کے سرکاری اسپتال میں مبینہ طور پرغلط انجکشن لگنے سے 19سالہ لڑکی عصمت جاں بحق ہوگئی، لواحقین کے احتجاج پر پولیس نے اسپتال سے نرسنگ اسٹاف اور کمپاؤڈر کو حراست میں لے لیا۔

مریضہ دانت میں درد کے علاج کے لیے آئی تھی جب اسے درد میں آرام کے لیے انجکشن لگایا گیا تو کچھ دیر بعد اس کی حالت بگڑنا شروع ہوئی اور اس نے دم توڑدیا۔اس کے علاوہ کورنگی میں 4 سالہ رضیہ بھی غلط انجکشن لگنے سے جاں بحق ہوگئی۔ ادھر لاہور سے بھی ایک خبر ہے کہ ایک اسپتال میں ڈاکٹرز کی مبینہ غفلت سے دوران آپریشن نومولود جاں بحق ہوگیا۔ یہ الم ناک واقعات صحت کے شعبے کی حالت زارپر سوال اٹھاتے ہیں ۔

اسپتال انتظامیہ پر بڑی بھاری ذمے داری عائد ہوتی ہے کہ بیماری کی درست تشخیص ہو اور انجکشن یا فوری دوائیں دینے کا معاملہ میڈیکل عملہ پر نہیں چھوڑنا چاہیے۔امید کی جانی چاہیے کہ صوبائی وزارت صحت اس قسم کے واقعات کے سدباب کے لیے فوری اقدام کریگی۔

مقبول خبریں