شام فوج کا بشار الاسد کے آبائی صوبے میں باغیوں کے اہم ٹھکانوں پر قبضہ

سرکاری فوج نے صوبہ لتاکیہ کے نبی آشیا پہاڑی علاقے اور ملحقہ آبادیوں کو دوبارہ چھڑایا، باغیوں نے اگست کے آغاز میں۔۔۔


News Agencies August 20, 2013
ماہرین خانہ جنگی میں حلب اور 3 جگہوں پر کیمیائی ہتھیاروں کے استعمال پر تفتیش کرینگے، ٹیم کو مکمل رسائی دی جائے، اپوزیشن فوٹو:فائل

شامی فوج نے صدر بشار الاسد کے آبائی صوبہ لتاکیہ میں باغیوں کے زیر کنٹرول اہم ٹھکانوں پر دوبارہ قبضہ کرلیا۔

یہ بات سرکاری نیوز ایجنسی سانا نے ایک فوجی ذریعے کا حوالہ دیتے ہوئے کہی۔ ذرائع کا کہنا ھا کہ فوج نے لتاکیہ صوبے کے شمال میں نبی آشیا پہاڑی علاقے اور اس کے گردو نواح کے علاقوں کا کنٹرول سنبھال لیا ہے، ان دیہات پر باغیوں نے اگست کے اوائل میں قبضہ کرلیا تھا۔ سرکاری ٹیلی ویژن نے بتایا کہ فوج نے باغیوں کے زیر قبضہ ساحلی صوبے میں دیہات کا کنٹرول دوبارہ سنبھال لیا ہے جو کہ بشار الاسد کی اقلیتی الاویتی کمیونٹی کا گڑھ ہے۔

دوسری طرف اقوام متحدہ کی جانب سے کیمیائی ہتھیاروں کے ماہرین پر مشتمل 20 رکنی ٹیم شام پہنچ گئی، ماہرین شام میں جاری خانہ جنگی میں کیمیائی ہتھیاروں کے ممکنہ استعمال کے حوالے سے تفتیش کریں گے۔ اقوام متحدہ کی ٹیم کے ارکان نے دمشق پہنچنے پر میڈیا سے گفتگو سے گریز کیا، یہ ٹیم 2 ہفتے تک شام میں رہے گی۔



اقوام متحدہ کی تفتیشی ٹیم کے سربراہ سویڈن کے سیل اسٹروم ہیں۔ ٹیم اس بات کا تعین کرے گی کہ کیمیائی ہتھیار استعمال کیے گئے یا نہیں نہ کہ یہ کیمیائی ہتھیار کس کی جانب سے استعمال کیے گئے۔ یہ مشن اپنی تفتیش شام کے 3 مختلف علاقوں میں کرے گا ان میں سے ایک حلب شہر کا علاقہ خان الاصل ہے جہاں مارچ میں شام کے صدر بشار الاسد اور باغیوں کے درمیان شدید لڑائی ہوئی تھی اور دونوں فریقوں نے ایک دوسرے پر کیمیائی ہتھیاروں کے استعمال کا الزام لگایا تھا۔