ماضی سے پریشان نہیں جیت کا عزم لے کر میدان میں اترینگے حفیظ

کینگروز سے سیریز کے غیرمعمولی اوقات ہمارے لیے کوئی پریشانی کا سبب نہیں ہوں گے ، محمد حفیظ


Sports Desk/AFP August 27, 2012
شارجہ: پاکستان ون ڈے ٹیم کے نائب کپتان حفیظ اور آسٹریلوی قائد کلارک سیریز کی ٹرافی کی رونمائی کے موقع پر، دونوں ممالک میں پہلا ون ڈے کل ہوگا۔ فوٹو: اے ایف پی

پاکستان ون ڈے ٹیم کے نائب کپتان محمد حفیظ کا کہنا ہے کہ آسٹریلیا کیخلاف مایوس کن ماضی سے پریشان نہیں، منگل سے شروع ہونے والی سیریز میں جیت کا عزم لیکر میدان میں اتریں گے، آسٹریلوی قائد مائیکل کلارک کا کہنا ہے کہ اسپن بولنگ کا عمدگی سے سامنا کرنے والی ٹیم سیریز میں سرخرو ہوگی۔

آسٹریلیا سے سیریز کی تیاریوں کیلیے پاکستان کرکٹ ٹیم نے شارجہ کرکٹ اسٹیڈیم میں اتوار کی شب پریکٹس کی، غیرمعمولی اوقات اور صحرائے عرب کی گرمی میں دونوں ممالک اپنی قسمت بدلنے کیلیے کوشاں ہوں گے، پاکستان کو حال ہی میں سری لنکا کے دورے میں ون ڈے سیریز میں ناکامی کا سامنا رہا ہے جبکہ کینگروزکو انگلش دیس میں میزبان ٹیم نے شکست سے دوچار کیا، خلیجی ریاست میں گرمی کے پیش نظر پاک، آسٹریلیا سیریز کے مقابلے عمومی اوقات کے بجائے پاکستانی وقت کے مطابق شام 7 بجے شروع ہوں گے اور اس کا اختتام شب گئے 2 بجکر45 منٹ پر ہوگا، پاکستان ون ڈے ٹیم کے نائب کپتان محمد حفیظ نے میڈیا کانفرنس کی اور آسٹریلوی قائد کے ہمراہ ون ڈے سیریز کی ٹرافی کی رونمائی میں بھی حصہ لیا۔

میڈیا سے گفتگو میں محمد حفیظ نے کہا کہ کینگروز سے سیریز کے غیرمعمولی اوقات ہمارے لیے کوئی پریشانی کا سبب نہیں ہوں گے ہم بطور پروفیشنل کرکٹرز ان مقابلوں کیلیے تیار ہیں اور جلد ہی ان سے مانوس ہوجائیں گے، پاکستان نے آسٹریلیا کیخلاف آخری سیریز 2002 میں 2-1 سے جیتی ہے، اس تناظر میں حفیظ نے کہا کہ ہم ہمیشہ ہر سیریز میں عمدہ کھیل پیش کرنے پر یقین رکھتے ہیں، اگرچہ ماضی میں آپ کے ذہن میں ہوتا ہے لیکن ہم اس سے پریشان نہیں ہیں اور عمدہ کھیل پیش کرنے اور جیت کا عزم لیکر سیریز کا آغاز کریںگے، پاکستان کا انحصار ہمیشہ کی طرح اس بار بھی اسپنرز پر ہوگا، اس بابت نائب ون ڈے قائد نے کہا کہ ہمارے اسپنرز یہاں پر ماضی قریب میں سری لنکا اور انگلینڈ کیخلاف کامیاب رہے ہیں، سعید اور آفریدی ان کنڈیشنز میں ایک مرتبہ پھر ہمارے لیے مفید اور کارآمد ثابت ہوسکتے ہیں۔

دوسری جانب آسٹریلوی کپتان مائیکل کلارک نے کہا کہ دونوں ٹیمیں ون ڈے کرکٹ میں اپنی پرفارمنس میں تواتر لانے کی خواہاں ہیں،بطور ٹیم اچھا کھیل پیش کرنا ہمارا مقصد رہا ہے اور ہم اس بات کو یہاں بھی یقینی بنانا چاہیں گے، کلارک نے کہا کہ پاکستانی اسپنرز سب کی توجہ کا محور ہوں گے، مجھے اندازہ ہے کہ پاکستان کیخلاف ہمیں سخت جدوجہد کرنا ہوگی، تین میچز کی سیریز میں وہی ٹیم فتحیاب ہوگی جو بہترین اسپن بولنگ کرے اور سلو بولنگ کا عمدگی سے سامنا بھی کرے، انھوں نے مزید کہا کہ پاکستان ون ڈے کی بہت اچھی سائیڈ ہے، ان کی قوت اسپن بولنگ ہے، اس کنڈیشنز کیلیے ان کے پاس چند شاندار اسپنرز موجود ہیں جن کیخلاف اسکور کرنا خاصا مشکل ہوگا، واضح رہے کہ آسٹریلیا کو لیفٹ آرم اسپنر زیویئر ڈہورٹی کے علاوہ لیگ اسپنر اسٹیو اسمتھ اور آف اسپنرز گلین میکس ویل، ڈیوڈ ہسی اور خود کپتان کلارک کا ساتھ بھی میسر ہے۔