ایشیائی حصص مارکیٹس میں مندی کرنسیاں گرگئیں

بھارتی روپے کی قدرنئی نچلی ترین سطح پر آگئی۔


AFP August 21, 2013
خطے سے غیر ملکی سرمائے کا انخلا مالیاتی منڈیوں میں منفی رجحان کی وجہ قرار ۔ فوٹو : اے ایف

امریکی بینکاری ریگولیٹر کی جانب سے معاشی بحالی پیکیج جلد ختم کیے جانے کے خدشات پر ایشیا سے غیرملکی سرمائے کے انخلا کے باعث بدھ کو خطے کی کرنسیوں کی قدر گرگئی اور بیشترکرنسی مارکیٹس میں مندی کا رجحان رہا۔

ڈیلرز کے مطابق امریکی ڈالر کے مقابل بھارتی روپے کی قدر نئی کم ترین سطح پر آگئی اور ڈالر پہلی بار 64.60 بھارتی روپے میں فروخت ہوا۔ یاد رہے کہ امریکی ڈالر کے مقابل بھارتی کرنسی کی قدر گزشتہ 3ماہ میں 20 فیصد گر چکی ہے، غیرملکی سرمایہ کاروں کی جانب سے محفوظ اثاثوں کی خریداری کیلیے مغرب میں انویسٹمنٹ کے باعث انڈونیشی روپیہ اور تھائی بھات پر بھی دباؤ دیکھا گیا، ڈالر کے مقابلے میں انڈونیشی روپیہ کی قدر 2009 کے وسط کے بعد سے کم ترین سطح پر آگئی جبکہ تھائی لینڈ میں ڈالر 31.77 بھات کا ہوگیا جو بھات کی ایک سال کی کم ترین سطح ہے۔



جاپانی ین کی قدر بھی گری اور ڈالر 97.32 سے بڑھ کر 97.52 ین کا ہوگیا، دوسری طرف ممبئی کی اسٹاک مارکیٹ میں ابتدائی مثبت رجحان بھارتی کرنسی گرنے کے نتیجے میں مندی میں تبدیل ہوگیا اور مارکیٹ 1.86 فیصد کمی سے 17905.91 پوائنٹس پر بند ہوئی تاہم جکارتہ میں مسلسل 4 روز سے جاری مندی کا تسلسل ٹوٹ گیا اور 1.04 فیصد تیزی ریکارڈ کی گئی مگر بنکاک میں انڈیکس 1.15فیصد گرگیا جبکہ بڑی ایشیائی مارکیٹس میں سے ٹوکیو اسٹاک ایکسچینج 0.21 فیصد اور سڈنی کی مارکیٹ 0.43 فیصد بلند ہوئی جبکہ سیؤل میں 1.08 فیصد مندی ریکارڈ کی گئی، شنگھائی میں جمود طاری رہا اور ہانگ کانگ میں 0.69 فیصد مندی رہی، ویلنگٹن میں تیزی کا رجحان دیکھا گیا۔