’’کرکٹ کمیٹی قائم ہے‘‘ محسن خان حقیقت سے نظریں چرانے لگے

ملکی کرکٹ میں ڈپارٹمنٹس کاکرداراہم ہے،چیئرمین کورائے دوں گا،سابق اسٹار


Sports Reporter April 30, 2019
ملکی کرکٹ میں ڈپارٹمنٹس کاکرداراہم ہے،چیئرمین کورائے دوں گا،سابق اسٹار۔ فوٹو: فائل

محسن خان حقیقت سے نظریں چرانے لگے، ان کا کہنا ہے کہ دوسرا کوئی رکن کچھ بھی کہے درحقیقت کرکٹ کمیٹی کا وجود ہے اور میں اس کا چیئرمین ہوں۔

پی سی بی کی غیرفعال کرکٹ کمیٹی تقریباً ختم ہو چکی، کئی ماہ سے کوئی اجلاس ہوا نہ ہی کسی معاملے میں رائے لی جاتی ہے، اس کے باوجود سربراہ محسن خان اسے تسلیم کرنے کو تیار نہیں ہیں۔

گذشتہ روزکراچی میں میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے انھوں نے کہاکہ کوئی دوسرا ممبر کچھ بھی کہے کرکٹ کمیٹی کا وجود ہے اور میں اس کا چیئرمین ہوں، احسان مانی سے جب بھی بات ہو وہ کمیٹی کے بارے میں تبادلہ خیال کرتے رہتے ہیں، البتہ اب چیئرمین سے ملاقات میں ہی اصل تصویر سامنے آئے گی۔

محسن خان نے کہا کہ پاکستان کرکٹ میں ڈپارٹمنٹس کا ہمیشہ سے اہم کردار رہا ہے، میں خود حبیب بینک کی جانب سے کھیلتا تھا، ابھی تک تو اخبارات اور ٹی وی سے باتیں سامنے آ رہی ہیں،بہت جلد چیئرمین پی سی بی سے ملاقات میں ڈپارٹمنٹل کرکٹ اور مجوزہ اسٹرکچر کا علم ہوگا۔اس کے بعد ہی اپنا نقطہ نظر پیش کروں گا۔

سابق ٹیسٹ کرکٹر نے کہا کہ باصلاحیت کرکٹرز پر مشتمل پاکستان ٹیم ورلڈکپ میں بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کرسکتی ہے، حکمت عملی درست، سوچ مثبت اور ٹیم کی سلیکشن میں کوئی سفارش نہ ہو، میرٹ پر پلیئنگ الیون بنائی جائے تو پاکستان ٹائٹل جیت سکتا ہے،محنت کی ہمیشہ ضرورت ہوتی ہے، میرٹ کا خیال رکھا گیا تو گرین شرٹس سرخرو ہوں گے۔

مقبول خبریں