منشیات کے استعمال پر الیکس ہیلز ورلڈ کپ اسکواڈ سے بھی باہر ہوگئے

ہم نے یہ فیصلہ بہت ہی سوچ سمجھ کر کیا، منیجنگ ڈائریکٹر ایشلے جائلز


Sports Desk April 30, 2019
ہم نے یہ فیصلہ بہت ہی سوچ سمجھ کر کیا، منیجنگ ڈائریکٹر ایشلے جائلز۔ فوٹو: فائل

منشیات کے استعمال پر انگلش بیٹسمین الیکس ہیلزورلڈ کپ اسکواڈ سے بھی باہر ہوگئے۔

الیکس ہیلز پر انگلینڈ اینڈ ویلز کرکٹ بورڈ کی جانب سے21 دن کی پابندی عائد ہوئی تھی،اب وہ آنے والے کرکٹ سیزن کے تمام اسکواڈز سے دستبردار ہوگئے ہیں، انھیں اس سے قبل ای سی بی کی جانب سے 2017 میں برسٹل نائٹ کلب کے باہر ہنگامہ آرائی پر بھی پابندی کے ساتھ جرمانے کا سامنا کرنا پڑا تھا۔

ہیلز کے ترجمان نے جمعے کو ہی تصدیق کردی تھی کہ ان پر آف فیلڈ تنازع کی وجہ سے پابندی عائد ہوئی ہے۔گارجین اخبار کی رپورٹ میں ان کے منشیات استعمال کرنے کا انکشاف کیا گیا تھا۔

ای سی بی کے منیجنگ ڈائریکٹر ایشلے جائلز نے کہاکہ ہم نے یہ فیصلہ بہت ہی سوچ سمجھ کر کیا، ہم نے انگلش ٹیم میں بہتر ماحول کیلیے بہت محنت کی اور اس میں کسی قسم کی خرابی نہیں چاہتے، اس کے ساتھ میں یہ بھی واضح کرنا چاہتاہوں کہ بطور انگلش پلیئر الیکس کا کیریئر ختم نہیں ہوا۔

یاد رہے کہ ہیلز کا نام آئرلینڈ کے خلاف واحد ون ڈے، پاکستان سے سیریز اور ورلڈ کپ کے انگلش دستے میں شامل تھا، انھوں نے 11 ٹیسٹ، 70 ون ڈے اور 60 ٹوئنٹی 20 میچز میں انگلینڈ کی نمائندگی کی،البتہ حالیہ کچھ عرصے میں وہ صرف وائٹ بال اسپیشلسٹ کے طور پر جانے جاتے ہیں۔

مقبول خبریں