شہر میں گرمی کی شدت میں کمی، مطلع آج ابر آلود رہے گا

اسٹاف رپورٹر  جمعرات 16 مئ 2019
آنے والے دنوں میں بہت زیادہ گرمی کا امکان نہیں، پارہ 32سے35ڈگری کے درمیان رہنے کی توقع ہے،محکمہ موسمیات۔ فوٹو: فائل

آنے والے دنوں میں بہت زیادہ گرمی کا امکان نہیں، پارہ 32سے35ڈگری کے درمیان رہنے کی توقع ہے،محکمہ موسمیات۔ فوٹو: فائل

کراچی: شہرکا مطلع آج (جمعرات)کو ابرآلودرہنے کا امکان ہےجب کہ کل (جمعہ)کو معمول سے تیز ہوائیں چلنے اور ہلکی بارش ہونے کا امکان ہے۔

محکمہ موسمیات کے ہیٹ ویوسینٹر کی جانب سے جاری کردہ پیش گوئی کہ مطابق آج(جمعرات)کو مطلع ابرآلود رہنے کے سبب شہرکی فضائوں پر بادل چھانے کا امکان ہے جبکہ جمعہ کوکہیں بونداباندی اورکہیں ہلکی بارش کا امکان ہے،جس سے قبل معمول سے تیزہوائیں بھی چل سکتی ہیں۔

؎چیف میٹرولوجسٹ عبدالرشید کے مطابق مئی کا مہینہ ہر سال گرم گزرتا ہے،مگر رواں سال خوش قسمتی رہی کہ مئی کا مہینہ ابتدا سے ہی کافی حد تک معتدل ہے،نئے مغربی سسٹم کے اثرات کے بعد یہ لگ رہاہے۔ ممکنہ طورپرمئی کا مہینہ اختتام تک متوازن گزرے گا،کیونکہ آنے والے دنوں کے دوران بھی بہت زیادہ گرمی کا کوئی امکان نہیں دیکھ رہے ہیں۔

عبدالرشید کے مطابق مغربی سسٹم کی وجہ سے شہرکا درجہ حرارت 2سے3ڈگری مزیدگرسکتا ہے، محکمہ موسمیات کے مطابق جمعرات کو شہر کا پارہ 35ڈگری ریکارڈ ہوا،صبح کے وقت کم سے کم درجہ حرارت 27.5 ریکارڈ ہوا، صبح کے وقت ہوا میں نمی کاتناسب 78 اور شام کے وقت 61 فیصد ریکارڈ ہوا،سمندر کی جنوب مغربی سمت سے چلنے والی ہوائوں کی رفتار32 کلومیٹر فی گھنٹہ ریکارڈ ہوئی۔

محکمہ موسمیات کے مطابق آج (جمعرات) کو گرمی کا پارہ 32سے35ڈگری کے درمیان رہنے کی توقع ہے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔