پالپا کا مفت ٹکٹوں کی رقم آمدن میں شمار نہ کرنیکا مطالبہ تسلیم

پی آئی اے ملازمین واہلخانہ کے مفت ٹکٹوں کی رقم پر ٹیکس نہیں لگے گا، آرڈر جاری


Numainda Express August 26, 2013
پی آئی اے ملازمین واہلخانہ کے مفت ٹکٹوں کی رقم پر ٹیکس نہیں لگے گا، آرڈر جاری فوٹو: فائل

حج آپریشن سے پہلے قومی ایئرلائن کے پائلٹوں کی ایسوسی ایشن(پالپا) کی''گوسلو'' ہڑتال کی دھمکی کے سامنے حکومت گھٹنے ٹیکنے پرمجبور ہوتی جارہی ہے۔

گزشتہ روزپالپا کے 2بڑے مطالبات میںسے ایک مطالبہ مان لیاگیا جس کے مطابق اب پی آئی اے کے ملازمین اوران کے اہل خانہ کوجاری کیے جانے والے سالانہ مفت ٹکٹوں کی رقم کوان کی آمدن میںشمار نہیںکیا جائے گااور ان پرکسی قسم کے انکم ٹیکس کابھی اطلاق نہ ہوگا۔ اس سلسلے میںباقاعدہ ایس آراو بھی جاری کردیا گیاہے جبکہ دوسرے بڑے مطالبے کے حوالے سے پی آئی اے کے مینجنگ ڈائریکٹرنے پالپاکے ذمے داران کویقین دہانی کرائی ہے کہ پائلٹوںکے فلائنگ الائونس کوبھی انکم ٹیکس سے مستثنیٰ قراردلوانے میں کامیاب ہوجائیںگے۔



پالپا نے پی آئی اے انتظامیہ کو 26اگست کی ڈیڈلائن دے رکھی ہے کہ اگران کے مطالبات نہ مانے گئے تووہ ''گوسلو'' فارمولے کے تحت باقاعدہ ہڑتالی اقدام کاآغاز کر دیںگے۔ فارمولے کے تحت پی آئی اے انتظامیہ اپنے پائلٹوںسے طے شدہ اوقات کارسے زیادہ ایک منٹ کی اضافی ڈیوٹی بھی نہیںلے سکتی جبکہ اس وقت پی آئی اے کے بہت سارے پائلٹ قومی ایئرلائن کی اشدضرورت کے پیش نظراپنے طے شدہ اوقات کارسے مسلسل کئی کئی ہفتوں تک کئی گھنٹے زائدڈیوٹی سرانجام دے رہے ہیں۔