عمرہ زائرین کے ویزا میں توسیع کی درخواستیں مسترد

سعودی حکومت نے اپنے شہریوں اورغیر ملکی تارکین وطن کے ریکارڈ کو کمپیوٹرائزڈکردیا


APP August 29, 2013
سعودی حکومت نے اپنے شہریوں اورغیر ملکی تارکین وطن کے ریکارڈ کو کمپیوٹرائزڈکردیا. فوٹو: فائل

سعودی وزارت حج نے عمرہ کمپنیوںکی جانب سے سعودی عرب میں مقیم زائرین کے ویزا میں حج تک توسیع کی درخواستیں مستردکردیں۔

نائب وزیر حج حاتم قادی نے بتایاکہ قوانین کے تحت زائرین کے ویزا میں حج تک توسیع کی اجازت نہیں ،جوکمپنیاں قوانین کی پامالی کی مرتکب ہوں گی ان کیخلاف کارروائی کی جائے گی۔ اس وقت ملک میں15 ہزار معتمرین موجود ہیں جو مقررہ مدت کے اندر آبائی ممالک کو روانہ ہوں گے۔



ادھر حکومت نے اپنے شہریوں اور غیرملکی تارکین وطن کے ریکارڈکومکمل طور پر کمپیوٹرائزڈکردیا ہے،ملک میں داخلے اور باہر جانے کی تاریخوں کے علاوہ ویزا کی مدت بھی کمپیوٹرپرایک کلک سے معلوم کی جاسکیں گی۔ محکمہ پاسپورٹس کے ترجمان لیفٹیننٹ کرنل احمد الہدان نے بتایاکہ نئی اصلاحات کے بعد ایئر لائنز بھی کسی مسافرکے ویزے کی مدت، داخلہ اور خروج کی تاریخ معلوم کرسکیںگی۔