حسن علی ڈیڈ پچز پر جاندار کارکردگی کیلیے بے چین

ایک بار بھرپور ردھم میں آگیا تو وکٹیں لینا کوئی مسئلہ نہیں ہوگا، فاسٹ بولر


Sports Reporter May 31, 2019
ایک بار بھرپور ردھم میں آگیا تو وکٹیں لینا کوئی مسئلہ نہیں ہوگا، فاسٹ بولر۔ فوٹو: فائل

فاسٹ بولر حسن علی ڈیڈ پچز پر جاندار کارکردگی کیلیے بے چین ہیں۔

حسن علی نے کہا ہے کہ انگلینڈ کی فلیٹ وکٹیں میرے لیے پریشانی کا باعث نہیں، مجھے بخوبی اندازہ ہے کہ یہاں کیسے بولنگ کیسے کرنی ہے، ایک بار بھرپور ردھم میں آگیا تو وکٹیں لینا کوئی مسئلہ نہیں ہوگا۔


حسن علی نے 2سال قبل انگلینڈ میں ہی منعقدہ چیمپئنز ٹرافی کے دوران بہترین کارکردگی سے گرین شرٹس کو پہلی بار ٹائٹل جتوانے میں اہم کردار ادا کیا تھا، وہ 13 وکٹوں کے ساتھ ٹورنامنٹ کے بہترین کھلاڑی بھی قرار پائے تھے۔

گزشتہ کچھ عرصے سے حسن علی اچھی کارکردگی کا سلسلہ برقرار رکھنے میں ناکام رہے ہیں، وہ اس کااعتراف خود کرتے ہوئے کہتے ہیں کہ مجھے معلوم ہے کہ دورئہ جنوبی افریقہ کے بعد سے زیادہ اچھی کارکردگی نہیں دکھا سکالیکن میں بولنگ کوچ اظہر محمود کے ساتھ سخت محنت کر رہا ہوں، ایک بار ردھم میں آ گیا تو زیادہ سے زیادہ وکٹیں لینے میں کامیاب ہوتا رہوں گا۔

حسن علی نے کہا کہ جدیدکرکٹ میں بولنگ کے شعبے کی بہت زیادہ اہمیت ہے جب آپ زیادہ وکٹیں لیں توٹیم کی جیت کے امکانات بھی روشن ہوتے ہیں، مجھے بخوبی اندازہ ہے کہ بولنگ ہی ہمارا اصل ہتھیار رہی لیکن کچھ عرصے سے یہ شعبہ زیادہ اچھی کارکردگی کا مظاہرہ نہیں کر رہا، 2 تجربہ کار بولرز وہاب ریاض اور محمد عامر کے ٹیم میں واپس آنے سے ہمارا بولنگ اٹیک مضبوط ہوگیا جس کا یقینی طور پر فائدہ قومی ٹیم کوورلڈ کپ کے میچز میں ہوگا۔