ساف فٹبال کا میلہ آج سے کھٹمنڈو میں سجے گا

ساف فٹبال ٹورنامنٹ کا افتتاحی مقابلہ نیپال اور بنگلہ دیش کے درمیان ہو گا۔


Sports Desk August 31, 2013
بھارتی ٹیم اس مرتبہ اعزاز کا دفاع کرے گی۔ فوٹو: فائل

10 ویں ساف فٹبال چیمپئن شپ کا میلہ ہفتے سے نیپال کے دارالحکومت کھٹمنڈو میں سجے گا۔

11 ستمبر تک جاری رہنے والے علاقائی ایونٹ کا افتتاحی مقابلہ نیپال اور بنگلہ دیش کے درمیان دیساراتھ رنگاسالا اسٹیڈیم میں ہوگا، نیپال دوسری مرتبہ ایونٹ کی میزبانی کررہا ہے، اس سے قبل 1997 میں اسے یہ اعزاز ملا تھا،2011 میں ٹرافی جیتنے والی بھارتی ٹیم اس مرتبہ اعزاز کا دفاع کرے گی، پاکستان گروپ ' اے ' میں میزبان نیپال، بنگلہ دیش اور بھارت کے ساتھ موجود ہے، روایتی حریفوں کا میچ اتوار کو ہونا ہے، گروپ 'بی' کو افغانستان، بھوٹان، مالدیپ اور سری لنکا کی شمولیت سے مکمل کیاگیا،میچز 2 اسٹیڈیمز میں منعقد ہوں گے، میچ آفیشلز میں پاکستان کے مراد وحید بھی شامل ہیں، سنگل لیگ کی بنیاد پر کھیلے جانے والے ایونٹ میں ہر ٹیم کو تین ، تین میچز کھیلنے کا موقع ملے گا۔



گروپ کی 2 ٹاپ سائیڈز سیمی فائنلز کیلیے کوالیفائی کرپائیں گی، فاتح کو ٹرافی کے ساتھ50 ہزار ڈالر کا کیش ایوارڈ بھی ملے گا، فائنل میں ناکام سائیڈ بھی 25 ہزار ڈالر اپنے ساتھ لے جانے میں کامیاب رہے گی، سیمی فائنلسٹ ٹیموں کو 10،10 ہزار ڈالر کی انعامی رقم ملے گی،یکم ستمبر کو بھارت سے مقابلے کے بعد قومی ٹیم 3ستمبر کو میزبان نیپال کیخلاف صف آرا ہوگی،5 تاریخ کو آخری لیگ میچ بنگلہ دیش سے شیڈول ہے،کھٹمنڈو جانے والی پاکستانی ٹیم کو گذشتہ دنوں پریکٹس میچ میں نیپالی انڈر19 سائیڈ کیخلاف بھی فتح نہیں مل پائی اور مقابلہ 1-1 سے برابری پر اختتام پذیر ہوا۔

ایونٹ میں اس کی قیادت ثمر اسحاق کررہے ہیں،دیگر پلیئرز میں ثاقب حنیف، مزمل حسین، محمد حمید، کامران خان، محمد احمد، احسان اللہ، صدام حسین، محمد عادل، فیصل اقبال، یاسر آفریدی، ضیاالاسلام، نوید احمد، محمد ریاض، کلیم اللہ، محمد مجاہد، سعید احمد، ذیشان رحمان، یعقوب اعجاز بٹ، یوسف اعجاز، حسن بشیر اور عدنان فاروق شامل ہیں، ہیڈ کوچ شہزاد انور اور اسسٹنٹ منیجر کامران مہدی بھی ٹیم کے ساتھ ہیں، نئے ہیڈ کوچ محمد شاملان اعزازی کوچنگ کنسلٹنٹ کی حیثیت سے اسکواڈ کے ساتھ آئے ہیں، پاکستان اب تک علاقائی ایونٹ اپنے نام کرنے میں کامیاب نہیں ہوا ہے۔

مقبول خبریں