ریلوے پولیس کو دہشتگردی سے نمٹنے کی تربیت دینگے سعد رفیق

600 کانسٹیبل بھرتی کرنے کے علاوہ اسٹیشنوں پرکیمرے نصب کیے جائینگے،وزیرریلوے


APP September 02, 2013
پہلے مرحلے میں ریلوے کے 100 پولیس اہلکاروں کو اس تربیت کیلیے نامزد کیا جائے گا۔ فوٹو: این این آئی/فائل

KARACHI: وفاقی وزیر ریلوے سعدرفیق نے کہاہے کہ دہشت گردوں کے حملوں کی روک تھام کیلیے ریلوے پولیس کودہشت گردی سے نمٹنے کی تربیت دینے کی منصوبہ بندی کی جارہی ہے۔

میڈیا سے گفتگوکرتے ہوئے انھوں نے کہا پہلے مرحلے میں ریلوے کے 100 پولیس اہلکاروں کو اس تربیت کیلیے نامزد کیا جائے گا،ریلوے کواس وقت32ارب روپے کا خسارہ ہے اورہر ماہ اس خسارے کوکم کر رہے ہیں،مالی وسائل کی کمی کے باوجود ریلوے پولیس میں موٹرسائیکلیں تقسیم کی جارہی ہیں تاکہ وہ ریلوے ٹریکوں پرپٹرولنگ کر سکیں،وزارت انفارمیشن ٹیکنالوجی کے تعاون سے سیٹلائٹ آلات بھی فراہم کیے جا رہے ہیں۔



انھوں نے کہاکہ ریلوے کے پاس صرف لاہور میں ایک اسکیننگ مشین ہے تاہم وہ بھی کام نہیں کرتی،ریلوے کو جدید ٹیکنالوجی سے ہم آہنگ کیا جائے گا اور مختلف ریلوے اسٹیشنوں پر سی سی ٹی وی کیمرے نصب کیے جائیں گے۔ ریلوے پولیس میں600کانسٹیبل بھرتی کیے جائیں گے، ریلوے میں سفر کے دوران جاں بحق ہونے والے مسافروں کیلیے معاوضے کی رقم2لاکھ سے بڑھا کر 5 لاکھ کی جارہی ہے جبکہ زخمیوں کو ایک لاکھ روپے دیے جائیں گے۔