فیس بک کے 13 سال سے کم عمر صارفین کی تعداد 75 لاکھ ہوگئی

فیس بک کے استعمال سے بچوں کی زندگی پر مثبت اور منفی دونوں طرح کے اثرات مرتب ہورہے ہیں۔


INP September 02, 2013
فیس بک کے 50لاکھ سے زائد صارفین کی عمر 10 سال سے بھی کم ہے۔ فوٹو: اے ایف پی/ فائل

ISLAMABAD: دنیا بھر میں فیس بک کے 13 سال سے کم عمر صارفین کی تعداد 75 لاکھ سے تجاوز کر گئی۔

فیس بک پراکاؤنٹ بنانے کے لیے عمرکی کم ازکم حد 13 سال ہے، تاہم دنیا بھر میں اس سے کم عمر کے 75لاکھ بچے سماجی رابطے کی یہ سائٹ استعمال کر رہے ہیں۔ ایک رپورٹ کے مطابق فیس بک کے 50لاکھ سے زائد صارفین کی عمر 10 سال سے بھی کم ہے۔ بہت سے بچے اور ان کے والدین فیس بک پراکاؤنٹ بناتے وقت عمر کی مقررہ حد نظر انداز کر دیتے ہیں۔ انٹرنیٹ خصوصاً فیس بک بچوں کی زندگی پر مثبت اور منفی دونوں طرح کے اثرات مرتب کر رہی ہے۔



بچوں کی بہت بڑی تعداد کو انٹرنیٹ پرایسے مواد تک با آسانی رسائی حاصل ہے جو ان میں ذہنی بگاڑ کا باعث بنتا ہے۔ فیس بک بچوں میں سماج دشمن رویے اور پر تشدد جذبات پیداکرنے کا سبب بن رہی ہے۔ ماہرین کے مطابق فیس بک پرموجود کم عمربچوں کی شناخت چوری ہونے کا خدشہ رہتا ہے۔ بعض لوگ فیس بک پر بچوں کو اپنے مفادات کے لیے استعمال کرنے کی کوشش کرتے ہیں۔ حال ہی میں کراچی میں فیس بک کے ذریعے بچے کے اغوا کا واقعہ پیش آ چکا ہے۔